QR CodeQR Code

پاکستان مستحکم ہوگا تو مسئلہ کشمیر بھی حل ہوگا، چوہدری عبدالمجید

26 Mar 2013 09:03

اسلام ٹائمز: مسئلہ کشمیر پر ہم آہنگی اور سوچ و فکر کی یکسانیت کا اظہار واضح طور پر ہونا چاہیے تاکہ مسئلہ کشمیر اس کی اصل روح کے مطابق پوری دنیا میں اجاگر ہو۔


اسلام ٹائمز۔ آزاد کشمیر کے وزیراعظم چوہدری عبد المجید کی سربراہی میں آزاد و مقبوضہ کشمیر کے ایک نمائندہ وفد نے اتوار کی شام ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو عزیز آباد کا دورہ کیا اور رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینرز ڈاکٹر فاروق ستار اور نسرین جلیل سے ملاقات کی۔ وفد میں آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم اور آزادکشمیر اسمبلی میں قائد حزب اختلاف راجہ فاروق خان، آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی میں حق پرست گروپ کے پالیمانی لیڈر طاہر کھوکھر، رکن سلیم بٹ، جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا سعید یوسف، آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے نمائندے صغیر چغتائی، APHC(گیلانی گروپ ) کے کنوینر غلام محمد صفی، APHC میر واعظ گروپ کے کنوینر محمود احمد ساغر، لبریشن فرنٹ کے رفیق ڈار، سیکریٹری جموں کشمیر لبریشن ڈاکٹر محمود الحسن راجہ اور ڈائریکٹر راجہ محمد سجاد خان شامل تھے جبکہ اس موقع پر حق پرست سینیٹر بابر خان غوری بھی موجود تھے۔ 

ملاقات میں وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبد المجید پاکستان کی سیاسی، سماجی، معاشی، اقتصادی صورتحال اور داخلی و بیرونی چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا اور مسئلہ کشمیر کو ایم کیو ایم سمیت پاکستان کی سیاسی جماعتوں کی جانب سے بھرپور انداز میں اجاگر کرنے کی اپیل کی۔ ملاقات کے بعد میڈیا کے نمائندوں کو پریس بریفنگ دیتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبد المجید نے کہا کہ آزاد اور مقبوضہ کشمیر کا نمائندہ وفد نائن زیرو ایم کیو ایم کی لیڈر شپ کے پاس اس لیے آیا ہے کہ حق پرستی کی جدوجہد میں ایم کیو ایم نے بھی قربانیاں دیں ہیں اور اپنے گھربار چھوڑے ہیں۔ ایم کیو ایم کو کشمیریوں کے دکھ اور درد کا احساس ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کی بقاء و سلامتی پر یقین رکھتے ہیں۔ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ہم کسی سرمایہ دار اور جاگیردار کے پاس نہیں جا رہے ہیں بلکہ ہم نظریاتی لوگوں کے پاس جا رہے ہیں۔ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے مقبوضہ کشمیر پر واضح مؤقف اختیار کیا ہوا ہے جس پر میں انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی امن کا گہوار ہ تھا، یہاں انسانوں کا خون بہایا جا رہا ہے جس پر اہل کشمیر روتے ہیں۔ شہر کراچی میں امن ہو گا تو ملک مستحکم ہو گا اور ملک مستحکم ہو گا تو مسئلہ کشمیر بھی حل ہو گا۔ انہوں نے پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں اور عوام سے اپیل کہ وہ تمام اختلافات کو بھول جائیں اور مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل اور خطے میں امن کے قیام کیلئے ایک نکتہ پر متفق ہو جائیں۔ 

ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ آزاد و جموں کشمیر کا نمائندہ وفد آج ہمارے پاس آیا ہے اور انشاءاللہ ایسا وقت بھی آئے گا جب پاکستان سے بھی ایک سیاسی جماعتوں پر مشتمل ایک وفد آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کے نمائندوں سے ملاقات کریگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 2013ء کے عام انتخابات کے شیڈول کا اعلان ہو گیا ہے۔ آزاد اور مقبوضہ کشمیر کے نمائندہ وفد کا بھی بنیادی مقصد یہی ہے کہ ہم اپنے منشور میں مسئلہ کشمیر کو شامل کریں۔ سیاسی جدوجہد میں مسئلہ کشمیر کے حل اور مسئلہ کشمیر کو اجاگر رکھنے کیلئے اپنے مؤقف اور اس کے تسلسل کو قائم رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر جہاں بڑا انسانی مسئلہ ہے وہیں پر مسئلہ کشمیر بر صغیر پاک و ہند کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا بھی ہے جہاں ہزاروں لاکھوں لوگوں نے جان، مال اور عصمتوں کی قربانیاں دی ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ مختلف سیاسی جماعتوں اور مختلف نظریات رکھنے والی جماعتوں میں قومی ایشوز پر اختلاف رائے ہونے کے باوجود ان میں مسئلہ تقسیم پر کم و بیش ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔ مسئلہ کشمیر پر ہم آہنگی اور سوچ و فکر کی یکسانیت کا اظہار اور واضح طور پر اور بار بار ہونا چاہیے تاکہ مسئلہ کشمیر اس کی اصل روح کے مطابق پوری دنیا میں اجاگر ہوتا رہے۔ انہوں نے وفد کے ارکان کو یقین دلایا کہ ایم کیو ایم مسئلہ کشمیر کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔


خبر کا کوڈ: 249113

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/249113/پاکستان-مستحکم-ہوگا-مسئلہ-کشمیر-بھی-حل-چوہدری-عبدالمجید

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org