0
Wednesday 27 Mar 2013 14:14

قوم چیف جسٹس سے سوال کرتی ہے کہ کراچی کو خون میں نہلانے والے آزاد گھوم رہے ہیں، لیاقت بلوچ

قوم چیف جسٹس سے سوال کرتی ہے کہ کراچی کو خون میں نہلانے والے آزاد گھوم رہے ہیں، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ حکومت منتخب ہو یا نگران عدالتوں کا کام جاری رہتا ہے، مشرف قومی مجرم ہے اس کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرنا عدلیہ کا کام ہے۔ لال مسجد، جامعہ حفصہ کی سینکڑوں طالبات اور نواب اکبر بگٹی سمیت کراچی، بلوچستان اور فاٹا کے ہزاروں بے گناہ انسانو ں کے قاتل کو نشان عبرت بنانے کے قومی مطالبے کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ قدرتی وسائل سے مالا مال پاکستان کو کرپٹ حکمرانوں نے امریکہ اور آئی ایم ایف کی غلامی میں دیدیا ہے، قوم کو ملکی سلامتی اور اپنی آزادی و خود مختاری کے تحفظ کیلئے آئندہ انتخابات میں دیانتدار قیادت کا انتخاب کرنا ہوگا۔ خود کو ہر طرح کے احتساب کیلئے حلقے کے عوام کے سامنے پیش کرتا ہوں تین بار ایم این اے منتخب ہوا، دامن صاف اور ضمیر مطمئن ہے۔ مشرف دور میں چاہتا تو سپیکر قومی اسمبلی بن سکتا تھا مگر ضمیر کا سودا نہیں کیا۔ کامیابی کے بعد وحدت کالونی سمیت حلقے میں موجود کچی آبادیوں کے لئے مالکانہ حقوق کے حصول کی جدوجہد کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میں حلقہ این اے 149کے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے موقع پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ 

لیاقت بلوچ نے کہا کہ قوم چیف جسٹس سے سوال کرتی ہے کہ کراچی کو خون میں نہلانے والے آزاد گھوم رہے ہیں، 12مئی، 10اپریل، 12ربیع الاول جیسے واقعات جن میں معصوم لوگوں کا قتل عام کیا گیا اور آپ کے استقبال کیلئے آنے والے کئی وکلاء کو زندہ جلا دیا گیا ان واقعات کے مجرموں کو ابھی تک گرفتار کرکے کیفر کردار تک کیوں نہیں پہنچایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مٹھی بھر بدقماش لوگ عوام کی گردنوں پر مسلط ہیں اور لوگون کا خون چوس رہے ہیں، غریب عوام تعلیم صحت اور روزگار کی سہولتوں کیلئے مارے مارے پھر رہے ہیں مگران کی سننے والا کوئی نہیں ملک میں مہنگائی بے روز گاری اور بجلی و گیس کے بحرانوں نے مستقل ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام مسائل سے نکلنے کا ایک ہی طریقہ ہے کہ آئندہ انتخابات میں عوام دیانتدار قیادت کا انتخاب کرے۔
خبر کا کوڈ : 249375
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش