0
Thursday 28 Mar 2013 09:30

بیل آوٹ پیکیج سے ریاستی تشخص پامال ہوا، مجید سے اچھائی کی توقع نہیں، بیرسٹر سلطان

بیل آوٹ پیکیج سے ریاستی تشخص پامال ہوا، مجید سے اچھائی کی توقع نہیں، بیرسٹر سلطان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے مرکزی رہنما و سابق وزیراعظم بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کوٹلی میں پارٹی بچائو جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ میری جنگ پارٹی کارکنوں کو ان کے حقوق دلوانے تک جاری رہے گی۔ آج حکومت آزاد کشمیر سے مایوس ہو کر کارکن پارٹی چھوڑنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ کرپشن، لوٹ کھسوٹ سے پارٹی ساکھ کو کمزور کیا جا رہا ہے۔ پونے دوسال ہونے کو ہیں حکومت کوئی کارکردگی نہیں دیکھا سکی۔ حالانکہ پاکستان میں ہماری اپنی حکومت تھی۔ تحریک آزادی کشمیر کے لیے دن رات ایک کیا برطانیہ سمیت یورپ میں بھارتی مکروہ چہرہ سامنے لایا، کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کو دنیا کے سامنے رکھا اور بھارتی عیارانہ اور مکارانہ چالوں کا بھانڈہ پھوڑا۔ آزاد خطہ میں موجودہ حکومت نے بیل آوٹ پیکیج کا برائے نام واویلا کیا جس کا عملی طور پر کسی جگہ عمل نظر نہیں آتا۔اس گداگری پر آزاد حکومت نے یوم تشکر بھی منایا۔ 

انھوں نے مزید کہا کہ بیل آئوٹ پیکیج سے ہمارے قومی وقار اور قومی تشخص کو پامال کرنے کی کوشش کی گئی۔ آزاد کشمیر کے اندر بجلی کی پیداوار بڑھانے کے لیے سب سے پہلے ہائیڈرو پراجیکٹ پر میں نے کام شروع کروائے۔ اس موقع پر بیرسٹر سلطان نے کہاکہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار جمہوری طریقہ سے حکومت پانچ سال مکمل کرنے کے بعد نئے الیکشن کی طرف جا رہی ہے۔ یہ پاکستان میں جمہوریت کی فتح ہے جس کا سہرا صدر آصف علی زرداری کو جاتا ہے۔ مضبوط اور بہتر پاکستان ہی تحریک آزادی کشمیر کی ضمانت ہے ۔ 

بیرسٹر سلطان نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کیل سے بھمبر تک پارٹی کارکن اور جیالے پریشان حال ہیں۔ موجودہ وزیراعظم سے اچھائی اور خیر کی توقع رکھنا ایسے ہی ہے جسیے بھینسے سے دودھ کی توقع رکھنا۔ انھوں نے کہا کہ ہر طرف مایوسی اور بے یقینی کے بادل منڈلاتے نظر آ رہے ہیں۔ انھوں نے کہا میں کارکنوں کو یقین دلاتا ہوں کہ بیرسٹر سلطان آپ کے ساتھ ہے آپ تنہا نہیں ہیں، میں قدم کے ساتھ قدم ملا کر آپ کے ساتھ چلوں گا۔ پارٹی اور کارکنوں کے حقوق پر کسی کو کسی صورت ڈاکہ ڈالنے نہیں دوں گا۔
خبر کا کوڈ : 249507
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش