0
Friday 29 Mar 2013 19:21

بیورو کریسی اپنی مرضی کی لاؤں گا، الیکشن کمیشن نے اختیارات دے دیئے ہیں، نجم سیٹھی

بیورو کریسی اپنی مرضی کی لاؤں گا، الیکشن کمیشن نے اختیارات دے دیئے ہیں، نجم سیٹھی
اسلام ٹائمز۔ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ صاف اور شفاف انتخابات کا انعقاد ان کی پہلی ترجیح ہے، نگران سیٹ اپ کی مدت میں توسیع کی گئی تو سب سے پہلے جانے والوں میں ہوں گے۔ الیکشن کمیشن نے انہیں انتظامیہ تبدیل کرنے کے تمام اختیارات دے دیئے ہیں۔ پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پہلی مرتبہ غیرجانبدار نگران حکومت قائم ہوئی ہے، پنجاب میں انتخابی عمل پر انگلی اٹھنے سے پورا انتخابی عمل متاثر ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ان کا کام صرف شفاف الیکشن کروانا ہے، انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن سے ہر ممکن تعاون کریں گے، کمیشن کے قواعد پر عمل کرانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے انہیں انتظامیہ تبدیل کرنے کے تمام اختیارات دیئے ہیں، پوری صوبائی انتظامیہ تبدیل کریں گے۔ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ملک میں دہشتگردی کے خلاف اتفاق رائے نہیں ہے، انٹیلی جنس ایجنسیوں کی رپورٹس کے مطابق دہشتگرد، حملے کریں گے، خودکش اور ٹارگٹ کلنگ کے خلاف کچھ کرنا ممکن نہیں، صدر آصف علی زرداری سے دو سال میں ایک ملاقات ہوئی جبکہ شہباز شریف سے کبھی ملاقات نہیں ہوئی، نجم سیٹھی نے واضح کیا کہ ان کا سیاست میں جانے کا کوئی ارادہ نہیں، میڈیا میں ہی رہیں گے۔

دیگر ذرائع کے مطابق، نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ وہ اپنی مرضی کی بیوروکریسی لائیں گے، الیکشن کمیشن نے مکمل اختیار دے دیا ہے۔ اُن کا کہنا ہے کہ عام انتخابات کے موقع پر دہشت گردی کا خطرہ ہے تاہم انتخابی عمل میں خلل ڈالنے کی سازش کو پوری قوت کے ساتھ ناکام بنا دیا جائے گا۔ اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کے دوران نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ان کا پیپلز پارٹی یا کسی ایک جماعت کی طرف جھکاؤ یا مخالفت کا تاثر درست نہیں۔ اگلے ایک دو دنوں میں اچھی شہرت کے حامل پانچ سے چھ افراد پر مشتمل کابینہ تشکیل دیں گے۔ اس سوال پر کہ اُنہیں امریکہ کے کہنے پر اہم صوبے کا وزیر اعلیٰ لگایا گیا ؟ تو نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ذاتی ایجنڈا رکھنے والے افراد ایسی باتیں پھیلاتے ہیں، اِس ملک میں رواج ہے جسے تباہ کرنا ہو اُس پر امریکی لیبل لگا دیا جاتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 249799
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش