QR CodeQR Code

کراچی کے علاقے اتحاد ٹاؤن میں اسکول پر حملہ، اے این پی کے رہنما سمیت 3 افراد ہلاک

30 Mar 2013 13:31

اسلام ٹائمز: واقعہ اس وقت پیش آیا جب دی نیشن نامی اسکول میں تقسیم اسناد کا پروگرام منعقد کیا جارہا تھا اس دوران موٹر سائیکل سوار ملزمان نے دستی بم سے حملہ کیا اور پھر اندر گھس کر فائرنگ کی۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں ایک اسکول پر دستی بم سے حملہ اور فائرنگ کے نتیجے میں عوامی نیشنل پارٹی کے علاقائی رہنما عبدالرشید سمیت 3 افراد ہلاک ہوگئے۔ ہمارے نمائندے کے مطابق تازہ واقعہ شہر کے جنوب مغربی ٹاؤن بلدیہ کے علاقے اتحاد ٹاؤن میں پیش آیا جہاں دی نیشن نامی اسکول میں تقسیم اسناد کا پروگرام منعقد کیا جارہا تھا اس دوران موٹر سائیکل سوار ملزمان نے دستی بم سے حملہ کیا اور پھر اندر گھس کر فائرنگ کی۔ پولیس کے مطابق واقعہ میں اسکول کے مالک عبدالرشید جو کہ اے این پی یعنی عوامی نیشنل پارٹی ڈسٹرکٹ ویسٹ کے نائب صدر تھے ہلاک جب کہ اے این پی کا ایک اور عہدے دار سید واحد سمیت 6 افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں 4 بچے بھی شامل ہیں۔ لاش اور زخمیوں کو مرشد اور سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

ملزمان موٹر سائیکلوں پر سوار تھے جو کہ کارروائی کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ اسکول کی عمارت کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہیں پولیس اور رینجرز نے جائے وقوع کو گھیرے میں لے لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اے این پی رہنما رشید کو کالعدم تنظیم کی جانب سے دھمکیاں مل رہی تھیں۔ واقعہ کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی اور قریبی مارکیٹس بند کرا دی گئیں۔ اے این پی ترجمان نے مقامی رہنما رشید کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔


خبر کا کوڈ: 250006

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/250006/کراچی-کے-علاقے-اتحاد-ٹاؤن-میں-اسکول-پر-حملہ-اے-این-پی-رہنما-سمیت-3-افراد-ہلاک

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org