QR CodeQR Code

نگران وزیراعلیٰ پنجاب کا اشتعال انگیز بینرز اور پوسٹر فوری اتارنے کا حکم

30 Mar 2013 21:44

اسلام ٹائمز:ایوان وزیراعلیٰ میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ پولیس عوام کو پرسکون ماحول کی فراہمی اور جرائم کو کنٹرول کرنے کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائے، وال چاکنگ کی پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے.


اسلام ٹائمز۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر سے بہتر بنانا ہماری ترجیح ہے، الیکشن کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے، عام انتخابات میں ووٹرز کو اپنے حق رائے دہی کے استعمال کے لئے پرامن ماحول یقینی بنائیں گے، نگران حکومت شفاف، آزانہ اور منصفانہ بنانے کے لئے تمام تر توانائیاں صرف کرے گی، عام انتخابات کا پرامن اور غیرجانبدارانہ انعقاد قومی ذمہ داری ہے جسے ہر حال میں پورا کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج ایوان وزیراعلیٰ میں امن وامان اور سکیورٹی سے متعلق اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ سیکرٹری داخلہ، انسپکٹر جنرل پنجاب، ایڈیشنل آئی جیز، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈی سی او لاہور، سی سی پی او لاہور، ڈی آئی جیز کے علاوہ متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ نگران وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی اور امن وامان کے چیلنج کو ناممکن نہیں سمجھتے، نگران حکومت سکیورٹی کے چیلنج سے نمٹنے کے لئے پوری طرح تیار ہے۔ نگران وزیراعلی نے ہدایت کی کہ انتخابی مہم کے دوران ریلیوں، جلوسوں اور جلسوں کو مکمل سکیورٹی فراہم کی جائے، شہریوں کی جان مال کا تحفظ پولیس کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس عوام کو پرسکون ماحول کی فراہمی اور جرائم کو کنٹرول کرنے کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائے۔ انہوں نے کہا کہ وال چاکنگ کی پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے، صوبہ بھر میں نفرت اور اشتعال پھیلانے والے بینرز اور پوسٹرز فوری طور پر اتارے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ تیز رفتار ترقی اور معاشی و تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے امن و امان بے حد ضروری ہے، قیام امن کے لئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیاجائے گا۔ اس موقع پر انسپکٹر جنرل پولیس نے صوبے بھر میں امن وامان کی صورتحال کے حوالے سے بریفنگ دی۔


خبر کا کوڈ: 250118

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/250118/نگران-وزیراعلی-پنجاب-کا-اشتعال-انگیز-بینرز-اور-پوسٹر-فوری-اتارنے-حکم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org