QR CodeQR Code

پشاور، اہل تشیع کو خطوط کے ذریعے ڈرا دھمکا کر اپنے مشن سے نہیں روکا جاسکتا، علامہ عابد حسینی

1 Apr 2013 14:57

اسلام ٹائمز: پاراچنار میں پریس کانفرنس سے خطاب میں تحریک حیسنی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام کی اکثریت ملک میں امن کی خواہاں ہے اور وہ ملک میں اسلام کے لبادے میں بدامنی پھیلانے والوں کو نفرت کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ تحریک حسینی کے سربراہ اور سابق سینیٹر علامہ سید عابد حسینی نے اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے پشاور میں گذشتہ دنوں اہل تشیع کو دھمکی آمیز خطوط بھیجنے پر تکفیری گروہ کی پر زور مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطوط کے ذریعے ڈرا دھمکا کر اہل تشیع کو اپنے مشن سے روکا نہیں جاسکتا، گنتی کے چند افراد پر مشتمل یہ ٹولہ شیعوں کو ڈرا دھمکا کر اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوسکتا۔ پاکستان کی اکثریتی عوام ملک میں امن چاہتی ہے اور بدامنی پھیلانے والوں سے نفرت کرتی ہے۔ پاراچنار میں صحافیوں سے بات چیت کے دوران سابق سینیٹر نے کہا کہ دہشتگردوں کی یہ بھول ہے کہ وہ ایسی حرکتوں سے عوام میں مقبولیت حاصل کر لیں گے یا وہ اسمبلی میں پہنچ سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بنایا تھا اور اسے بچا کے رہیں گے، اس ملک کو چھوڑ کر نہیں جائیں گے، استقامت کے ساتھ ملک دشمنوں امریکہ، اسرائیل اور بھارتی ایجنٹوں سے اسکی بھرپور حفاظت کریں گے۔

تحریک حسینی کے سربراہ نے اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ٹولہ بزعم خود ملک کی خدمت کرتا ہے، جبکہ دراصل یہ لوگ نہ فقط وطن عزیز کے دشمن ہیں بلکہ پاکیزہ دین اسلام کے بھی دشمن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہی لوگوں کی وجہ سے آج اسلام دشمن طاقتوں کو موقع ملا ہے کہ وہ اسلام کو دہشتگردوں کا مذھب قرار دیں۔ سابق سینیٹر کا کہنا تھا کہ دشمن اپنے بیرونی آقاؤں کے اشارے پر شیعوں سے امریکہ اور اسرائیل کی دشمنی کا انتقام لینا چاہتا ہے۔ وہ چاہتے ہیں کہ پاکستان میں امریکہ کے خلاف اٹھنے والی یہ آواز اسلام کے نام پر اور فرقہ ورایت کے ذریعے دبائی جائے، مگر یہ آواز کبھی نہیں دب سکتی۔ انہوں نے پاکستان کے تمام اہل تشیع کو بالعموم جبکہ پشاور کے اہل تشیع کو بالخصوص سفارش کی کہ دشمن کی دھمکیوں سے کبھی مرعوب نہ ہوں اور انکی دھمکیوں اور سازشوں میں ہرگز نہ آئیں، بلکہ آنے والے انتخابات میں پوری استقامت اور پوری قوت کا مظاہرہ کرکے تکفیریوں اور دہشتگردوں کو میدان سے باہر کر دیں۔


خبر کا کوڈ: 250559

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/250559/پشاور-اہل-تشیع-کو-خطوط-کے-ذریعے-ڈرا-دھمکا-کر-اپنے-مشن-سے-نہیں-روکا-جاسکتا-علامہ-عابد-حسینی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org