0
Tuesday 2 Apr 2013 21:41

جے یو آئی کا انتخابی منشور ۔۔۔؟

جے یو آئی کا انتخابی منشور ۔۔۔؟
رپورٹ: نذیر علی ناظر

مولانا فضل الرحمان نے مینار پاکستان پر جماعت کی انتخابی مہم کے آغاز میں جہاں قومی مسائل کے حل کی بات کی۔ وہیں ان کی طرف سے دوسرے مذاہب سے احترام آدمیت کے نظریے کے تحت اچھے برتاو کی بھی تلقین کی۔ اتحاد امت کے حوالے سے انہوں نے اپنے موقف کو دہرایا کہ فرقہ واریت قومی وحدت کو چاٹ رہی ہے اور افسوس کی بات یہ ہے کہ پاکستانی قوم مسلک زبان اور علاقے کی بنیاد پر اپنی شناخت کروانے میں فخر محسوس کرتی ہے۔ 

وحدت مسلمہ:
ان کا کہنا تھا کہ جمعیت علمائے اسلام جمہوریت اور وحدت پر یقین رکھتی ہے اور کلمہ طیبہ مسلمانوں کے درمیان وحدت کی علامت ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ان کی جماعت کا بنیادی نظریہ احترام آدمیت ہے اور یہی تصور اسلام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی احترام آدمیت کا حقدار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان داخلی انتشار کا شکار ہے، جن میں سے فرقہ واریت ملکی وحدت کو ہڑپ کر رہی ہے۔
 
انتخابی منشور:
انہوں نے اپنی جماعت کے انتخابی منشور میں کشمیر، مزدوروں کے حقوق، امریکی پالیسوں، خارجہ پالیسی، مغربی تہذیب، توانائی کے مسائل، اقتصادی بدحالی، دہشت گردی اور فاٹا میں امن وامان، اور افغانستان پر بھی اپنی تقریر میں روشی ڈالی۔ 

ہندوستانی رویہ: 
مولانا فضل الرحمان نے ہندوستان پر زور دیا کہ وہ جنوبی ایشیا میں امن کے قیام کے لیے وہ مسئلہ کشمیر کا حل ڈھونڈیے اور پاکستان کے حصے کے پانی کو چوری نہ کرے۔ انہوں نے ریاستی ادروں پر بھی تنقید کی کہ بھارت نے پاکستان کے حصے کے پانی پر ڈیم تعمیر کر لیے مگر متعلقہ ادارے سوئے رہے۔ جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ نے خبردار کیا کہ دہشت گردی اور خون خرابے کی آڑ میں کسی کو بھی 11 مئی 2013ء کو ہونے والے انتخابات ملتوی کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ 

مولانا عبدالغفور حیدری:
جے یو آئی کے سیکرٹری جنرل سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ وہ سیکولر قوتوں کی طرف سے پاکستان کو لادین ریاست بنانے کی سازشیوں کا مقابلہ کریں گے اور اسلامی فلاحی ریاست کے قیام کے لیے مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں جدوجہد جاری رکھیں گے۔
 
مولانا شیرانی:
اسلامی نظریانی کونسل کے چیئرمین اور جے یو آئی بلوچستان کے امیر مولانا محمد خان شیرانی نے کہا کہ نیٹو اتحاد مسلمانوں کے خلاف ہے، اسلام پسند قوتیں فرقہ پرستی کی بجائے مشترکات پر اکٹھی ہو جاہیں۔

عادلانہ نظام: 
جے یو آئی پنجاب کے امیر رشید لدھیانوی کا کہنا تھا کہ اسلام کے عادلانہ نظام کے نفاذ کے لیے وہ مذاہب سے بیزار قوتوں کا تعاقب جاری رکھیں گے۔ 

مشرف کی گرفتاری:
جے یو آئی کے سینیٹر ڈاکٹر خالد سومرو نے کہا کہ ان کی جماعت کو اقتدار ملا تو وہ لال مسجد آپریشن کے فیصلے کے لئے سابق فوجی آمر جنرل پرویز مشرف کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کریں گے، اور پاکستانی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو امریکی قید سے آزاد کروائیں گے۔
 
مولانا وزیراعظم:
فاٹا سے سابق رکن قومی اسمبلی منیر اورکزئی نے اسلام زندہ باد کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ وہ مولانا فضل الرحمان کو ملک کا اگلا وزیراعظم بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ امن جرگے کے پاس امن و امان کا حل موجود ہے۔ جس پر سب نے اتفاق کیا ہے، اسے نافذ کیا جائے۔

عمران خان پر تنقید:
جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل اطلاعات مولانا امجد خان نے تحریک انصاف کے چیئرمین پر تنقید کرتے ہوئے عمران خان کو یہودیوں اور عیسائیوں کا غلام قرار دیا۔ انہون نے کہا کہ عمران خان کے سونامی سے بڑا جلسہ جے یو آئی نے مینار پاکستان پر کیا ہے۔ وہ امریکی نظام نفاذ کرنے کی کسی بھی کوشش کا مقابلہ کریں گے۔

سابق وزیراعلٰی خیبر پختونخوا محمد اکرم درانی نے اپنے دور حکومت میں صوبے میں امن و امان کا کریڈٹ خود کو دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام زندہ باد کانفرنس نے واضح کر دیا ہے کہ پاکستانی عوام نہیں، دہشت گرد امریکہ اور اس کے حواری ہیں۔ انہون نے الزام عائد کیا کہ عمران خان کے پاس سیاسی نہیں، صرف تباہی اور فحاشی کا پیغام ہے۔ جو پاکستان میں مغربی اور یہودی کلچر لانا چاہتے ہیں، تاکہ مسلمانوں کی ثقافت کو نقصان پہچایا جائے۔ 

ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل اور جے یو آئی کے مرکزی رہنما حافظ حسین احمد نے کہا کہ 73 سالہ نگران وزیراعظم میر ہزار خان کھوسو اپنی کابینہ پوری نہیں کرسکے، جبکہ عمران خان نے نوجوانوں کو 25 فیصد نشستیں دینے کا دعوٰی محض ڈھکوسلا ثابت ہوا ہے۔ 

منیار پاکستان کے سبزہ زار میں مجمع تو جوش و جذبے کے ساتھ شریک رہا، مگر انہیں صبح دس بجے سے رات دس بجے تک جلسے میں بٹھائے رکھا گیا۔ مولانا فضل الرحمان نے رات نو بجے کے خبر نامے میں لائیو چلنے کے لیے جلسے کو غیر ضروری طور پر طویل کیا۔ جس کی وجہ سے اکثر قائدین اور شرکاء مولانا کی تقریر کے دوران سو رہے تھے۔
خبر کا کوڈ : 250963
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

مربوطہ فائل
ہماری پیشکش