0
Tuesday 2 Apr 2013 21:57

انتخابات میں عوام قاف لیگ کو اسکی کارکردگی کی بناء پر ووٹ دیں گے، پرویز الٰہی

انتخابات میں عوام قاف لیگ کو اسکی کارکردگی کی بناء پر ووٹ دیں گے، پرویز الٰہی
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ قائداعظم کی قیادت نے کہا ہے کہ انتخابات میں سرپرائز دیا جائے گا۔ پرویز الہٰی الیکشن کمیشن کی بے رحمانہ سکروٹنی پر کہتے ہیں کہ امیدواروں کے لئے تو دعا ہی کر سکتے ہیں۔ این اے 110 گجرات سے مسلم لیگ ن کے ٹکٹ ہولڈر وقار گیلانی نے ساتھیوں سمیت مسلم لیگ ق میں شمولیت کا اعلان کیا، لاہور میں وقار گیلانی کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو میں چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ انتخابات میں عوام قاف لیگ کو اسکی کارکردگی کی بناء پر ووٹ دیں گے اور انکی جماعت کے امیدوار حیران کن نتائج دیں گے۔ انہوں نے الیکشن کمیشن کی سخت سکروٹنی پر دلچسپ تبصرہ کیا۔ پرویز الہی کا کہنا تھا کہ الیکشن میں گہما گہمی سکروٹنی کا عمل مکمل ہونے کے بعد نظر آئے گی ابھی تو امیدوار خود کو کلیئر کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ قاف میں بہت سی سیٹوں پر ایڈجسٹمنٹ ہونا باقی ہے۔

مسلم لیگ ق کے مرکزی رہنما نے مزید کہا ہے کہ شہباز دور کی جنگلہ بس سروس نے پنجاب کو کنگلا کردیا ،پانچ سال ملنے کے باوجود پنجاب میں لیگی حکمرانوں نے کچھ نہیں کیا، انہوں نے اپنے دور میں پنجاب میں بھرپور کام کیے، ن لیگ والوں کو موقع ملا مگر لوٹ مار کے سوا کچھ نظر نہیں آتا، انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کے حوالے سے میڈیا بہترین جج ہے، وہ عوام کی رہنمائی کرے۔ پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ ن لیگ والے معاہدہ کر کے باہر گئے تھے، 10سال بعد ہی واپس آئے۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کی واپسی پر مسلم لیگ ن کی خاموشی معنی خیز ہے، اور ن لیگ کی خاموشی کا ن لیگ سے ہی پوچھنا چاہیے، اس موقع پر چوہدری پرویز الٰہی تصویریں بنوانے کیلئے بار بار فوٹوگرافروں کو بلاتے رہے۔

دیگر ذرائع کے مطابق چوہدری پرویز الہی نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل مکمل ہونے کے بعد ہی انتخابی عمل میں تیزی آئے گی، خوشحال پنجاب کو کنگال بنانے والے انتخابات میں شکست سے دوچار ہوںگے۔ چوہدری پرویز الہی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے ایک مشکل فارم انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کو جاری کیا گیا، جب تک جانچ پڑتال کا عمل مکمل نہیں ہو گا، الیکشن کا ماحول نہیں بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ قاف عام انتخابات میں سرپرائز دے گی، جنگلا بس پر پورے پنجاب کا بجٹ خرچ کرنے والوں کو عوام عام انتخابات میں مسترد کر دیں گے۔چوہدری پرویز الہی کا کہنا تھا کہ ان کے خاندان نے ہمیشہ دیانتداری سے ٹیکس ادا کیا اور الیکشن کمیشن میں حقائق پر مبنی گوشوارے جمع کرائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سے مشاورت کے بعد امیدواروں کی حتمی فہرست جلد جاری کر دی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 250987
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش