0
Wednesday 3 Apr 2013 04:12

عوام تبدیلی کے پیغام کو سمجھ گئے ہیں، جماعت اسلامی ہی قوم کی واحد چوائس ہے، منور حسن

عوام تبدیلی کے پیغام کو سمجھ گئے ہیں، جماعت اسلامی ہی قوم کی واحد چوائس ہے، منور حسن
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سید منور حسن نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی عوام کی تائید سے ملک کی تقدیر بدل دے گی، انتخابات پاکستان کے 18 کروڑ عوام کیلئے ترقی اور خوشحالی کا پیغام ثابت ہوں گے، عوام تبدیلی کے پیغام کو سمجھ گئے ہیں جماعت اسلامی ہی قوم کی واحد چوائس ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نورحق میں جماعت اسلامی کراچی کے ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سید منور حسن نے کہا کہ انتخابات ہی ملک میں تبدیلی کا ذریعہ ہیں، اگر آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات ہوئے اور الیکشن کمیشن نے اپنے دعوے کے مطابق امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی بے رحمانہ جانچ پڑتال کی تواستحصالی عناصر کا صفایا ہوجائے گا۔ عوام تبدیلی کے منتظر بیٹھے ہیں مگر اس کیلئے ضروری ہے کہ عوام بھی اپنے ووٹ کی اہمیت کو سمجھیں اور ووٹ دینے کے رویے پر نظر ثانی کریں اور آزمائے ہوئے سیاستدانوں کو ایک بار پھر قوم پر مسلط ہونے کا موقع دینے کے بجائے دیانتدار قیادت کا انتخاب کریں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان وسائل سے مالا مال ملک ہے، اصل مسئلہ کرپشن اور اقرباء پروری ہے۔ ملک پر حکمرانی کرنے والوں نے عوام کی مشکلات کو حل کرنے اور ملک کو بحران سے نکالنے کے بجائے اسے مزید مسائل کی دلدل میں دھکیل دیا ہے جس کی وجہ سے آج ملک اندرونی اور خطرات سے دوچار ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی منی پاکستان ہے مگر اس شہر کو مفاہمت کے نام پر دہشتگردوں کے حوالے کردیا گیا تھا اور دہشتگردوں کو سرکاری سرپرستی فراہم کی گئی جس کی وجہ سے پورا کراچی لہولہان ہے، کراچی کے عوام نے دہشتگردی، قتل و غارت گری اور بوری بند لاشوں کا تحفہ دینے والوں کو پہچان لیا ہے۔ قبل ازیں انتخابات تمام تر دھاندلیوں کے باوجود دہشتگرد ٹولے کیلئے انتخابی کامیابی حاصل کرنا ممکن نہیں رہا۔ شناختی کارڈ سے بھری بوریوں کی برآمدگی نے ٹھپہ مافیا کے عزائم کو بے نقاب کردیا ہے، نگران حکومت کو اس کا نوٹس لینا چاہیے تاکہ کراچی میں شفاف انتخابات کا انعقاد ممکن ہوسکے۔ شفاف انتخابات کا انعقاد ہی کراچی میں پائیدار اور ٹھوس امن کا ضامن ثابت ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ انتخابات میں جماعت اسلامی مؤثر قوت کے طور پر سامنے آئے گی، ماضی میں جب بھی جماعت اسلامی کو کسی بھی دائرے میں خدمات کا موقع ملا ہے تو اس نے دیانتداری کی مثال قائم کی ہے، ہماری تاریخ کرپشن اور بدعنوانی سے پاک ہے۔ اجلاس میں جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی، سیکریٹری نسیم صدیقی، نائب امراء برجیس احمد، راجہ عارف سلطان، حافظ نعیم الرحمن، ڈاکٹر واسع شاکر، سید محمد اقبال، ڈپٹی سیکریٹریز مسلم پرویز، علی محمد، عبدالرشید بیگ اور دیگر بھی موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 251035
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش