0
Thursday 4 Apr 2013 10:07

نوجوان کشمیری سائنسدان کا پاسپورٹ روک دیا گیا، عدالت عالیہ سے رجوع

نوجوان کشمیری سائنسدان کا پاسپورٹ روک دیا گیا، عدالت عالیہ سے رجوع
اسلام ٹائمز۔ عدالت عالیہ نے مقبوضہ کشمیر کے ایک سائنسدان جس نے بابا اٹامک انرجی ریسرچ سنٹر ممبئی سے بھی ڈگری حاصل کی ہے اور اب اٹلی کی یونیورسٹی میں شعبہ فزیکس میں پی ایچ ڈی کی ڈگری کیلئے منتخب کئے گئے ہیں، کو پاسپورٹ کی فراہمی روکنے پر بھارتی وزارت خارجہ کو ایک ہفتے میں اپنی پوزیشن واضح کرنے کی ہدایت دی ہے، منگل کو جسٹس حسنین مسعودی کی عدالت میں عاشق حسین شاہ ولد سیف الدین شاہ ساکن پاپہ چھن بانڈی پورہ کے کیس کی سماعت ہوئی جنہوں نے اپنے وکیل ایڈوکیٹ میر شفقت حسین کے توسط سے عدالت عالیہ میں محکمہ پاسپورٹ اور وزارت خارجہ کے خلاف ایک رٹ پٹیشن دائر کی ہے جس میں ان کا پاسپورٹ غیر قانونی طور روکے جانے اور انہیں سائنس مضمون میں اعلیٰ ترین ڈگری حاصل کرنے سے روکنے پر متعلقہ حکام کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے، ایڈوکیٹ شفقت نے عدالت عالیہ کو بتایا کہ ان کے موکل عاشق حسین شاہ نے کشمیر یونیورسٹی سے لے کر بابا اٹامک انرجی ریسرچ سنٹر ممبئی تک ہر جگہ شعبہ فزیکس میں نمایاں ڈگریاں حاصل کیں اور اب اپنی تعلیم کو مکمل کرنے اور پی ایچ ڈی کی غرض سے اٹلی کی یونیورسٹی میں داخلہ لے رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ اٹلی کی یونیورسٹی میں بھی ان کی صلاحیتوں کا ادراک کرکے ان کے موکل کو پی ایچ ڈی کیلئے مدعو کیا تھا لیکن محکمہ پاسپورٹ نے ان کے اس خواب کو پورا نہیں ہونے دیا، ایڈوکیٹ شفقت کے مطابق فزیکس سائنس میں نمایاں صلاحیتوں کے حامل اس ابھرتے سائنسدان کو آگے بڑھنے سے روکنے کیلئے قانون کو بالائے طاق رکھا گیا ہے، انہوں نے عدالت عالیہ کو بتایا کہ ان کے مئوکل کو اس بنا پر پاسپورٹ نہیں دیا گیا ہے کیونکہ اس کے بھائی کو ایک فرضی کیس میں پولیس نے گرفتار کیا تھا حالانکہ بقول ایڈوکیٹ میر شفقت ذیلی عدالت نے ان کے بھائی پر لگے پولیس الزامات کو بے بنیاد قرار دے کر انہیں باعزت طور بری کردیا تھا لیکن اب پولیس غیر قانونی طور اسی بنیاد پر عاشق حسین شاہ کا پاسپورٹ روک رہی ہے، اس سلسلے میں عدالت عالیہ سے درخواست کی گئی ہے کہ مذکورہ کشمیری نوجوان سائنسدان کے حق میں پاسپورٹ کی فراہمی یقینی بنائی جائے جبکہ انہیں حق سفر اور حق تعلیم سے بلا وجہ محروم رکھنے والے افسران کیخلاف کارروائی کی جائے۔
خبر کا کوڈ : 251303
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش