QR CodeQR Code

کسی بھی ملک کی ترقی کیلئے امن بے حد ضروری ہے، نجم سیٹھی

4 Apr 2013 17:46

اسلام ٹائمز:نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے مولانا طاہر اشرفی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں علماء کرام و مشائخ عظام کے کندھوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ملک میں امن و استحکام اور بھائی چارے کی فضا برقرار رکھنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں.


اسلام ٹائمز۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ علماء کرام اور مشائخ عظام ملک میں امن، بھائی چارے، رواداری اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے اہم کردار ادا کر رہے ہیں تاہم موجودہ حالات کے پیش نظر تحمل، برداشت اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے علماء کرام کو مزید مؤثر کردار ادا کرنا ہو گا۔ علماء اور مشائخ پر بھاری قومی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ملک میں بین المذاہب ہم آہنگی کے جذبات کو فروغ دیں۔ انہوں نے کہا کہ نگران سیٹ اپ کی اولین ترجیح شفاف اور غیر جانبدارانہ عام انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانا ہے اور اس مقصد کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج ایوان وزیراعلیٰ میں چیئرمین علماء مشائخ کونسل اور اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن حافظ طاہر محمود اشرفی سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور عام انتخابات کے شفاف انعقاد کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ انٹرنیشنل ختم نبوت(ص) موومنٹ اور پاکستان علماء و مشائخ کونسل کے جنرل سیکرٹری صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی، صدر پاکستان علماء و مشائخ کونسل پنجاب حافظ محمد امجد اور پاکستان علماء کونسل کے انٹرنیشنل کوآرڈینیٹر لاڈ پاشا بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ نجم سیٹھی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو دہشت گردی اور امن و امان کا مسئلہ درپیش ہے، کسی بھی ملک کی ترقی کیلئے امن بے حد ضروری ہے، امن ہو گا تو ملک میں معاشی و تجارتی سرگرمیاں بڑھیں گی، سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں علماء کرام و مشائخ عظام کے کندھوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ملک میں امن و استحکام اور بھائی چارے کی فضا برقرار رکھنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں، اپنی تقاریر اور خطبات میں رواداری اور برداشت کی تلقین کریں۔ انہوں نے کہا کہ شفاف، منصفانہ اور غیرجانبدارانہ انتخابات کا انعقاد قومی ذمہ داری ہے جسے پورا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں بیوروکریسی کی ایسی غیرجانبدار ٹیم تشکیل دے رہے ہیں جو شفاف انتخابات کے انعقاد میں معاون ثابت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ اور پولیس میں تعیناتیاں میرٹ پر کی جا رہی ہیں۔ محنتی، دیانتدار اور قابل افسران کو تعینات کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی کابینہ میں مکمل طور پر غیرجانبدار اور غیر سیاسی وزراء شامل کئے گئے ہیں اور الیکشن کمیشن کے احکامات پر من و عن عمل کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ چیئرمین پاکستان علماء مشائخ کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے نجم سیٹھی کی نگران وزیراعلیٰ کے طور پر تعیناتی کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ صوبے میں غیر جانبدار، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائیں گے۔ حافظ طاہر محمود اشرفی اور صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے نجم سیٹھی کو وزیراعلیٰ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی بطور نگران وزیراعلیٰ تعیناتی خوش آئند ہے، یقین ہے کہ وہ عوام کی امیدوں پر پورا اتریں گے۔ علماء کرام کے وفد نے وزیراعلیٰ نجم سیٹھی کو اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔


خبر کا کوڈ: 251501

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/251501/کسی-بھی-ملک-کی-ترقی-کیلئے-امن-بے-حد-ضروری-ہے-نجم-سیٹھی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org