0
Thursday 4 Apr 2013 20:50

11 مئی کا الیکشن غربت، لوڈشیڈنگ اور دہشتگردی سے نجات کا موقع ہے، نواز شریف

11 مئی کا الیکشن غربت، لوڈشیڈنگ اور دہشتگردی سے نجات کا موقع ہے، نواز شریف
اسلام ٹائمز۔ نواز شریف نے کہا ہے کہ 11 مئی کا الیکشن صرف حکومت بنانے کیلئے نہیں ہے، یہ انتخابات غربت، بیروزگاری، لوڈشیڈنگ اور دہشتگردی سے نجات حاصل کرنے کیلئے ہیں۔ لاہور میں پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں ٹکٹ لینے کے خواہشمند امیدواروں سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ کراچی لہولہان ہوتا رہا اور حکمران اقتدار کی مصلحتوں کا شکار رہے، گذشتہ برسوں میں سبز پاسپورٹ اور سبز ہلالی پرچم بے وقار ہوتا رہا، ہماری فضائی حدود کی خلاف ورزی معمول بن گئی، ہمارے حکمران دکھاوے کے طور پر ڈرون حملوں کی مخالف کرتے رہے، ایبٹ آباد آپریشن کی تحقیقاتی رپورٹ تاحال منظرعام پر نہیں آئی، ملک مزید ایسے افراد کا متحمل نہیں ہوسکتا، جنہوں نے قوم کو اس حال تک پہنچایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ 11 مئی کا الیکشن محض حکومت بنانے کیلئے نہیں ہے، یہ الیکشن غربت، بیروزگاری، لوڈشیڈنگ، دہشتگردی سے نجات دلانے کیلئے ہے۔ 11 مئی کا الیکشن قومی خود مختاری اور سلامتی کو درپیش مسائل سے نمٹنے کیلئے ہے۔ نواز شریف کا کہنا ہے کہ ہماری مستقبل کی پارلیمانی پارٹی نوجوانوں کے روشن مستقبل کی ضمانت ہوگی، اپنے دور حکومت میں ایسی پالیسیاں بنائیں کہ عملی میدان میں قدم رکھنے والے نوجوانوں کو ان کی محنت کا ثمر ملنا شروع ہوگیا، ہمارا مقصد ہے کہ ایسا ماحول تیار کریں کہ نوجوان پاکستان میں رہ کر سماجی اور معاشی تبدلیاں لائیں۔ 

دیگر ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ ہم نے اپنے دورِ حکومت میں ایسی پالیسیاں بنائیں جن کے باعث علمی زندگی سے عملی میدان میں قدم رکھنے والے نوجوانوں کو ان کی محنتوں کا ثمر ملنا شروع ہوگا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس کے دوران پارٹی ٹکٹ کے خواہشمند امیدواروں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری مستقبل کی پارلیمانی پارٹی نوجوانوں کے روشن مستقبل کی ضمانت ہوگی۔ نواز شریف نے کہا کہ 90، 93ء کے دوران ہماری ہی حکومت تھی، جس نے مالیاتی اداروں کو نوکر شاہی کے چنگل سے آزادی دلا کر وہ طاقت و توانائی دی، جس نے ان اداروں میں خدمات انجام دینے والے لاکھوں تعلیم یافتہ افراد کے لیے مواقع پیدا کیے اور آج پاکستانی معیشت کے یہ ادارے نہ صرف خود منافع بخش ہیں بلکہ متوسط طبقے کو روزگار فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت کے لیے بھی گراں قدر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ نواز شریف نے کہا کہ آج بھی ہمارے مقاصد وہی ہیں کہ ہم پاکستان میں ایسا ماحول تیار کریں، جس میں ڈگریوں والے، ویزوں والی قطاروں میں لگنے کی بجائے پاکستان میں رہ کر ہی سماجی اور معاشی بلندیاں حاصل کرسکیں۔
خبر کا کوڈ : 251585
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش