QR CodeQR Code

ملک میں عوام کی خاموش اکثریت اپنا ووٹ ضرور ڈالیں، ثروت اعجاز قادری

5 Apr 2013 02:54

اسلام ٹائمز: کراچی ائیر پورٹ پر رابطہ کمیٹی کے اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے پی ایس ٹی کے سربراہ نے کہا کہ آج نظریہ پاکستان کی مخالفت وہ قوتیں کر رہی ہیں جو پاکستان بنانے کے مخالف تھے۔


اسلام ٹائمز۔ سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ ملک کو بہتر اور منصفانہ معاشرے کی طرف لیجانے کے لئے جمہوریت کا استحکام ضروری ہے، جمہوریت کی راہ میں کسی نے رکاوٹ بننے کی کوشش کی تو عوام کا سیلاب انہیں بہا کر لیجائے گا، عوام ووٹ کی طاقت سے تبدیلی لاکر جھوٹے وعدے، دعوے کرنیوالے کرپٹ افراد کو مسترد کردیں، جعلی ڈگری اور کرپٹ سیاستدانوں کے خلاف آئین کو حرکت میں لانا عوام کا دیرینہ مطالبہ ہے، سپریم کورٹ آف پاکستان پر عوام کی نظریں مرکوز ہیں جو ملک کی دولت لوٹنے والوں کا احتساب چاہتے ہیں، پاکستان سنی تحریک جلد اپنے پارٹی منشور کا اعلان کریگی، انتخابات میں حصہ لینے کے لئے ملک بھر سے قومی و صوبائی سطح پر امیدوار کھڑے کئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد سے واپسی پر کراچی ائیر پورٹ پر رابطہ کمیٹی کے اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ پاکستان دو قومی نظریہ کی بنیاد پر معرض وجود میں آیا اور آج نظریہ پاکستان کی مخالفت وہ قوتیں کر رہی ہیں جو پاکستان بنانے کے مخالف تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اکابرین نے پاکستان بنانے کے لئے 20 لاکھ سے زائد قیمتی جانوں کے نذرانے دئیے اور آج ان ہی کی اولادیں پاکستان کے تحفظ کیلئے کسی بھی قسم کی قربانی دینے سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی و جمہوری تبدیلی ملک کی دولت لوٹنے والوں اور آمرانہ سوچ رکھنے والوں کیلئے سنگ میل ثابت ہوگی، ملک کی خاموش اکثریت عوام اپنا ووٹ ضرور ڈالیں کیونکہ ووٹ کے درست استعمال سے ہی ملک کو درست سمت کی جانب گامزن کیا جاسکتا ہے۔


خبر کا کوڈ: 251634

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/251634/ملک-میں-عوام-کی-خاموش-اکثریت-اپنا-ووٹ-ضرور-ڈالیں-ثروت-اعجاز-قادری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org