QR CodeQR Code

گلگت، پیپلز پارٹی حکومت کی کارکردگی رپورٹ تنازعات کا شکار

9 Apr 2013 12:11

اسلام ٹائمز: صوبائی حکومت گلگت بلتستان نے گزشتہ دنوں حزب اختلاف کی جماعتوں کی تنقید کے بعد اپنی تین سالہ حکومتی کارکردگی رپورٹ جاری کی تھی جس میں بلند و بانگ دعوے کئے گئے تھے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کی صوبائی حکومت نے اپنے تین سالہ دور اقتدار میں علاقے میں لا قانونیت،کرپشن، اقرباء پروری کو فروغ دینے اور امن و امان کے قیام میں مکمل طور پر نا کامی کے باوجود عوامی اعتماد حاصل کرنے کے لئے جھوٹ اور فریب پر مبنی اپنی تین سالہ کارکردگی رپورٹ پیش کر دی ہے۔ کامیابیوں کا سفر کے عنوان سے167 صفحات پر مشتمل اس رپورٹ میں علاقے میں پہلے سے موجود سرکاری محکموں کی کارکردگی کو وزیر اعلیٰ کے انقلابی اقدامات کا نام دیا گیا ہے اور تین سال کے عرصے میں حکومتی ذمہ داران کی جانب سے کئے گئے تمام زبانی اعلانات اور فرضی منصوبوں کا ذکر کرکے اپوزیشن جماعتوں اور عوام کا منہ بند کرانے کی مذموم کوشش کی گئی ہے ۔

رپورٹ میں ہلال احمر گلگت بلتستان کی طرف سے قدرتی آفات سے متاثرہ علاقوں میں امدادی اشیاء کی تقسیم کی تصاویر،آغا خان ایجوکیشن کے تعلیمی اقدامات اور ڈبلیو ڈبلیو ایف کے اقدامات کو بھی حکومتی کارکردگی میں شمار کرکے وزیر اطلاعات اور اس کے حواریوں نے بددیانتی کا عملی ثبوت دیا ہے اس کے علاوہ پوری رپورٹ کے اندر وزیر اعلیٰ کی تصاویر چھپوا کر گورنر گلگت بلتستان اور گلگت بلتستان کونسل کو مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا ہے۔ کارکردگی رپورٹ پیش کرنے کی تقریب کے دوران وزیر تعلیم و اطلاعات علی مدد شیر کی جانب سے صحافیوں کی طرف سے رپورٹ کے حوالے سے کوئی سوال نہ پوچھنے کی گزارش سے یہ بات واضح ہوگئی ہے کہ حکومتی عہدیدار اپنی نا اہلی کے باعث رپورٹ سے متعلق سوالات کے جوابات دینے سے گریزاں ہیں جس سے عوامی و سیاسی حلقوں میں نئے سوالات جنم لے رہے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 251917

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/251917/گلگت-پیپلز-پارٹی-حکومت-کی-کارکردگی-رپورٹ-تنازعات-کا-شکار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org