0
Tuesday 9 Apr 2013 12:18

ہسپتالوں میں فیس وصولی حکومتی غنڈہ گردی ہے، راجہ جہانزیب

ہسپتالوں میں فیس وصولی حکومتی غنڈہ گردی ہے، راجہ جہانزیب
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ ن ضلع غذر کے سینئر رہنماء و سابق امیدوار قانون ساز اسمبلی راجہ جہانزیب نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے قومی خزانہ خالی کرنے کے بعد عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنا شروع کردیا ہے۔ ہسپتالوں میں غریب مریضوں سے فیس کی وصولی غنڈہ گردی ہے جس کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جاسکتا ہے۔ گلگت بلتستان کے بجٹ کا 90 فیصد صوبائی حکومت کی کرپشن کی نذر ہوتا رہا ہے۔ غریب عوام سے فیسوں کی مد میں رقوم بٹور کر حکمرانوں کی عیاشی کا سامان پیدا کرنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم صوبائی حکومت کی جانب سے ہسپتالوں میں فیس لینے کے خلاف بھرپور مزاحمت کریں گے، اس سلسلے میں صوبائی کابینہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ دو ہفتوں کے اندر اپنا ظالمانہ نوٹیفیکیشن واپس لے بصورت دیگر یاسین اور غذر کے عوام ایک بار پھر صوبائی حکومت کے خلاف بھر پور تحریک کا اعلان کریں گے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ 20 مارچ سے پورے ضلع میں منظم احتجاجی تحریک کا آغاز ہوگا اور یاسین غذر سے شروع ہونیوالی تحریک صوبائی حکومت کے خاتمہ تک جاری رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ نام نہاد صوبائی پیکج کو تسلیم نہیں کرتے ہیں جب تک اس خطہ کو آئینی طور پر پاکستان کا حصہ نہیں بنایا جاتا تب تک ایسے پیکج محض ڈھونگ اور ٹوپی ڈرامہ سے زیادہ کچھ بھی نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے حکومت کا مکروہ چہرہ دیکھ لیا ہے۔ پی پی پی کی موجودہ حکومت تاریخ کی بدترین حکومتوں میں شمار ہوتی ہے جنہوں نے گلگت بلتستان کے خطہ کو آگ اور خون میں جھونکنے کے علاوہ کچھ بھی نہیں کیا۔
خبر کا کوڈ : 251918
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش