0
Tuesday 9 Apr 2013 15:50

ڈیرہ میں خادم حسین کی حمایت کی صورت میں جے یو آئی کیساتھ تعاون کرینگے، علامہ رمضان توقیر

ڈیرہ میں خادم حسین کی حمایت کی صورت میں جے یو آئی کیساتھ تعاون کرینگے، علامہ رمضان توقیر
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل خیبر پختونخوا کے سربراہ علامہ محمد رمضان توقیر نے کہا ہے کہ جمعیت علماء اسلام کے ساتھ اس وقت تعاون کریں گے جب مولانا برادران ڈیرہ اسماعیل خان سٹی ون سے ہمارے امیدوار خادم حسین اعوان کی حمایت کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان کے گاؤں ڈھلہ کی جامع مسجد میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر شیعہ علماء کونسل کے رہنماء مولانا محمد حسن وحیدی، علامہ سید ناصر حسین شاہ، تحصیل صدر کاظم حسین، ضلعی صدر سید عابد حسین شاہ بھی موجود تھے۔ علامہ رمضان توقیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان میں شیعہ علماء و اکابرین نے ہر دور میں ظلم کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھی اور آئندہ بھی جاری رکھیں گے۔ ابھی تک پیپلز پارٹی سمیت کسی جماعت کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں ہوئی۔ اگر پیپلز پارٹی کے ساتھ معاہدہ طے پاگیا تو ہم علامہ سید ساجد علی نقوی کے اعلان کے مطابق ملک بھر میں پی پی کی حمایت کریں گے جبکہ ضلع ڈیرہ اسماعیل خان اور ضلع جھنگ میں ہمارا مشروط اتحاد جمعیت علماء اسلام کے ساتھ ہوگا۔
 
انہوں نے کہا کہ ہم نے جمعیت علماء اسلام سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان سٹی ون پر ہمارے امیدوار صوبائی اسمبلی خادم حسین اعوان کی حمایت کا اعلان کرے۔ اس موقع پر PK 66 کے امیدوار ندیم عباس ایڈووکیٹ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اسلامی تحریک کے رہنماؤں کی مکمل تائید کرتے ہیں اور ان کی خواہشات کا احترام کرتے ہیں۔ سٹی ون سے امیدوار صوبائی اسمبلی ملک خادم حسین اعوان نے اپنے خطاب میں کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان کے عوام کی خدمت کے لئے میدان سیاست میں نکلے ہیں۔ مجھے اقتدار کا شوق نہیں بلکہ ڈیرہ اسماعیل خان کے عوام کی پسماندگی نے مجھے الیکشن لڑنے پر مجبور کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام شیعہ سنی مسلمانوں نے میری حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔ کامیاب ہو کر عوام کی خدمت کروں گا۔
خبر کا کوڈ : 252868
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش