0
Tuesday 9 Apr 2013 18:09
ایرانی قونصل جنرل سے لیاقت بلوچ کی ملاقات

ٹارگٹ کلنگ میں پاکستان اور ایران کے مشترکہ دشمن ملوث ہیں، لیاقت بلوچ

ٹارگٹ کلنگ میں پاکستان اور ایران کے مشترکہ دشمن ملوث ہیں، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ حلقہ این اے 126 سے امیدوار قومی اسمبلی اور سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے ایرانی قونصل جنرل محمد حسین بنی اسدی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں لیاقت بلوچ نے کہا کہ خطہ میں امن کے لیے ایران اور پاکستان کے عوام میں گہرا رابطہ اور اعتماد ناگزیر ہے، ایران اور پاکستان میں تخریب کاری اور ٹارگٹ کلنگ وہی استعماری قوت کرا رہی ہے جو دونوں ممالک کی دشمن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایران گیس پائپ لائن منصوبہ کا خیرمقدم کرتے ہیں، اس سے صنعت کا پہیہ چلے گا اور دونوں ممالک میں تعلقات زیادہ مضبوط ہوں گے۔ لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ پاکستانی تاجر اور صنعت کار ایران سے معاشی تعلقات اور دو طرفہ تجارت کو فروغ دینے کے لیے بزنس فورم کلیدی کردار ادا کرے گا۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ مسلم اُمہ سے اتحاد کی خصوصی کوششیں جماعت اسلامی کا اہم ترین ہدف ہے۔ 

دوسری جانب کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی آئین، جمہوریت اور آزاد عدلیہ پر شب خون نہیں مارنے دے گی، عظیم عوامی مزاحمت کے ساتھ غیر اسلامی، غیر جمہوری قوتوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا، انتخابات ناگزیر ہیں، انتخابات کے علاوہ کوئی راستہ قومی بقا و سلامتی کیلئے زہر قاتل ہوگا، عوام اپنے ووٹ سے کرپٹ، اغیار کے غلام ذہن مقتدر ٹولوں کو مسترد کر دیں۔انہوں نے کہا کہ اقتدار کی بندر بانٹ، سٹیٹس کو قائم رکھنے کیلئے سول ملٹری اسٹیبلشمنٹ کے آلہ کار حکمران طبقہ کو شکست فاش ہوگی، جماعت اسلامی ترازو انتخابی نشان پر انتخابات میں حصہ لے گی، جذباتی، نمائشی اور سطحی غیر منظم انقلاب اور تبدیلی کے نعرے دیرپا ثابت نہیں ہوتے، دنیا میں تبدیلی کے لیے انسانی جذبات کا استحصال کرنے والے انقلاب فرانس کی مشہور مثال ہے، جو انقلاب کے بعد ظالم بن گئے اور بادشاہوں سے زیادہ بڑے آمر اور ظالم بن گئے، پائیدار تبدیلی اور انقلاب کا راستہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا اسلامی انقلابی راستہ ہے۔ جس تبدیلی نے ظلم، جبر استحصال کا خاتمہ کیا اور صحرائے عرب کو گلزار بنا دیا۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ خواتین، طلبہ، نوجوان، مزدور، مظلوم ہماری اصل انتخابی طاقت ہیں، سیاسی بے وفاؤں، کرپٹ اور لوٹ مار کرنیوالوں کی دولت کو عبرتناک شکست ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہی امید عوام کی اور تبدیلی نظام کی بااعتماد پارٹی ہے، جماعت اسلامی نے تعلیم، صحت، خدمت، مستحق بیوگان، یتیم بچوں، باصلاحیت طلبہ کی تعلیم کے لیے عملی کام کیے ہیں، ملک میں رفاہ عامہ، عوامی فلاح و بہبود، جماعت اسلامی کے وسیع نیٹ ورک کا مقابلہ کوئی سیاسی انتخابی پارٹی نہیں کرسکتی، جماعت اسلامی ملک بھر میں انتخابات کے ذریعے مظلوم عوام کے لیے پائیدار بابرکت اسلامی انقلاب لائے گی۔
خبر کا کوڈ : 252904
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش