0
Tuesday 9 Apr 2013 23:49

ملک و قوم کے تمام مسائل کا حل اسلامی نظام کے نفاذ میں ہے، جمعیت علماء اسلام

ملک و قوم کے تمام مسائل کا حل اسلامی نظام کے نفاذ میں ہے، جمعیت علماء اسلام
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام کراچی کے رہنماﺅں نے کہا ہے کہ ملک میں تبدیلی دینی قوتیں ہی لا سکتی ہیں۔ جمعیت علماء اسلام ملک و قوم کو صالح قیادت فراہم کرے گی۔ اب تبدیلی کا وقت آ چکا ہے، قوم تبدیلی کیلئے جمعیت علماء اسلام کا ساتھ دے۔ وطن عزیز میں لوٹ کھسوٹ کا راج جاری ہے۔ سیاست کو تجارت کا درجہ دینے والے ایک مرتبہ پھر قوم کو سبز باغ دکھانے میں مصروف ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ یہ طبقہ گزشتہ 65 سالوں سے قوم کا استحصال کر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار جمعیت علماء اسلام کراچی کے امیر قاری محمد عثمان، مولانا محمد غیاث، مولانا گل محمد تالونی، مولانا سید حماد اللہ شاہ، مولانا حلیم الرحمن قریشی، مولانا عمر صادق، قاضی فخر الحسن اور قاضی امین الحق آزاد نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ بد امنی، مہنگائی، کرپشن و بے روزگاری نے عوام کی زندگی اجیرن کر رکھی ہے جبکہ ملک کی معاشی صورتحال قابل رحم ہے لیکن غریب عوام سے ووٹ مانگنے والوں کو قوم کی کوئی فکر نہیں۔
 
رہنماﺅں نے مزید کہا کہ ملک و قوم کو درپیش تمام مسائل کا حل اسلامی نظام کے نفاذ میں ہے۔ قوم کو علاقائیت، صوبائیت اور فرقہ واریت کی بنیاد پر تقسیم کرنے والے وطن عزیز کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام قوم کو وحدت کی لڑی میں پرو کر ملک میں اسلام کا عادلانہ نظام نافذ کرنے کی جدوجہد کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محب وطن اور دین دوست عوام 11 مئی کو کراچی سمیت پورے ملک میں جمعیت علماء اسلام کے نامزد امیدواروں کو کامیاب بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں دیگر محب وطن اور مذہبی جماعتوں سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے مذاکرات جاری ہیں، جلد ان مذاکرات کا مثبت نتیجہ بر آمد ہو گا۔
خبر کا کوڈ : 253004
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش