0
Wednesday 10 Apr 2013 22:24

شمالی کوریا میں میزائل لانچ کی تیاری، جنوبی کوریا میں ہائی الرٹ

شمالی کوریا میں میزائل لانچ کی تیاری، جنوبی کوریا میں ہائی الرٹ
اسلام ٹائمز۔ امریکی اور جنوبی کوریا کے ذرائع کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا نے تقریباً تین ہزار کلو میٹر تک مار کرنے والے ایک بلیسٹک میزائل کو ایندھن سے لیس کیا ہے اور لانچ کے لیے تیار ہے۔ اطلاعات کے مطابق شمالی کوریا نے مسوڈان نامی دو میزائیلوں کو مشرقی ساحل پر واقع میزائل کی تجربہ گاہ پر لے گیا ہے اور کسی بھی وقت اسے لانچ کیا جاسکتا ہے۔

جنوبی کوریا اور امریکہ نے اسی کے پیش نظر خطرے سے الرٹ رہنے کی سطح میں اضافہ کیا ہے۔ شمالی کوریا کے ممکنہ میزائل ٹیسٹ کے پیش نظر جنوبی کوریا نے چوکس رہنے کی اپنی سطح کو بڑھا کر "اہم خطرے" کی حد تک بڑھا دیا ہے۔ شمالی کوریا نے مسوڈان نامی میزائل کو 2002ء میں ملٹری پریڈ کے دوران ظاہر کیا تھا لیکن اس کا تجربہ نہیں کیا تھا۔ امریکہ اور مغربی ذرائع خیال کرتے ہیں کہ اس نے مذکورہ میزائل شاید ایران کو فروخت کرلیا ہو اور وہیں اس کا تجربہ کیا گیا ہو۔

جنوبی کوریا کے وزیر داخلہ یون بائیونگ نے پارلیمان کو بتایا کہ یہ تجربہ کسی بھی وقت کیا جا سکتا ہے۔ اقوام متحدہ کی جانب سے 2006ء میں شمالی کوریا پر بلیسٹک میزائل یا جوہری تجربہ کرنے پر پابندی عائد کی گئی تھی چنانچہ اگر اس نے یہ تجربہ کیا تو یہ اس پابندی کی خلاف ورزی ہوگی۔

ماہرین کے مطابق اس طرح کا اقدام اشتعال انگیز تو مانا جائےگا لیکن فوری طور پر اس سے کوئی عسکری خطرہ نہیں تا وقتیکہ وہ میزائل کسی غلط نشانے پر جا لگے۔ سیول میں موجود ایک مغربی خبررسان ادارے کے نمائندے کا کہنا تھا کہ ممکن ہے، شمالی کوریا کے سابق صدر کم ال سنگ کی سالگرہ کی مناسبت سے یہ تجربہ پیر کو کیا جائے۔

جنوبی کوریا نے اس خطرے کے پیش نظر عمومی طور پر سکیورٹی گشت بڑھا دیا ہے اور سفارت خانوں سمیت زمین دوز ٹرین سٹیشن کی سکیورٹی بھی بڑھا دی گئی ہے۔ ادھر جاپان نے بھی ہائی الرٹ جاری کیا ہے اور احتیاط کے طور پر ٹوکیو میں اینٹی میزائل ڈیفنس نظام کو نصب کردیا گيا ہے۔ چین میں بھی کئي ٹریول ایجنسیوں نے شمالی کوریا کے لیے سیاحتی دورہ منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اس سے قبل منگل کو اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے خبردار کیا تھا کہ معمولی سی غلطی سے جزیرہ نما کوریا کی صورتحال قابو سے باہر ہو سکتی ہے۔ بان کی مون نے ایک مرتبہ پھر شمالی کوریا سے کہا کہ وہ اشتعال انگیز بیان بازی سے گریز کرے اور شمالی اور جنوبی کوریا کے مشترکہ صنعتی علاقے کو دوبارہ کھولے۔

شمالی کوریا نے منگل کے روز جنوبی کوریا میں غیر ملکی کمپنیوں، تنظیموں اور سیاحوں کو تنبیہ کی ہے کہ وہ اپنی حفاظت کے لیے ملک چھوڑ کر چلے جائیں۔ شمالی کوریا نے جنوبی کوریا میں موجود غیر ملکیوں کے نام پیغام میں کہا تھا کہ وہ نہیں چاہتے کہ مسلح تصادم کے نتیجے میں ان کو کوئی نقصان پہنچے۔

واضح رہے کہ پچھلے ہفتے شمالی کوریا نے جنوبی کوریا کے کارکنوں کو مشترکہ صنعتی زون میں داخلے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا اور اس فیصلے کو دونوں ممالک کے پہلے سے کشیدہ تعلقات میں مزید خرابی کی نشانی قرار دیا جا رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 253282
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش