QR CodeQR Code

مقبوضہ کشمیر، شدید تنقید کے بعد بالآخر حکومت کی نیند ٹوٹ گئی، اب ادویات کی پیشگی جانچ ہوگی

11 Apr 2013 09:52

اسلام ٹائمز: محکمہ صحت کے انتہائی معتبر ترین ذرائع نے میڈیا کو بتایا کہ جعلی ادویہ سپلائی کا سنسنی خیز معاملہ سامنے آنے کے بعد اس حوالے سے مسلسل میڈیا رپورٹوں کی وجہ سے وزارت صحت شش و پنج میں مبتلا ہوگئی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جعلی ادویہ سپلائی معاملہ پر شدید تنقید کی زد میں آنے والی مقبوضہ کشمیر کی وزارت صحت نے فیصلہ لیا ہے کہ اب حکومتی ہسپتالوں کو سپلائی ہونے والی دوائی کی پیشگی جانچ ہوگی اور اس کیلئے جہاں ڈرگ محکمہ کی ٹسٹنگ لیبارٹریوں کو مزید مستحکم کیا جائے گا وہیں حکومت کی جانب سے تسلیم شدہ نجی لیبارٹریوں میں بھی ادویات کی جانچ کی جائے گی تاکہ انتہائی قلیل مدت میں ٹسٹنگ کا عمل مکمل کرکے ادویات بروقت ہسپتالوں تک پہنچائی جاسکیں، جموں سیول سیکریٹریٹ میں قائم ریاستی محکمہ صحت کے انتہائی معتبر ترین ذرائع نے میڈیا کو بتایا کہ جعلی ادویہ سپلائی کا سنسنی خیز معاملہ سامنے آنے کے بعد اس حوالے سے مسلسل میڈیا رپورٹوں کی وجہ سے وزارت صحت شش و پنج میں مبتلا ہوگئی ہے اور گزشتہ چند روز سے سیکرٹریٹ کے اندر اور باہر متعلقین کے ساتھ میٹنگوں کا سلسلہ تواتر کے ساتھ جاری ہے جن میں اس کیس کی نسبت تمام پہلوئوں کا جائزہ لیکر مستقبل میں ایسے واقعات روکنے کے جتن کئے جارہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جہاں منگل کو بھی وزارت صحت کے وزیر سمیت تمام اعلیٰ حکام دیر رات گئے میٹنگوں میں مشغول رہے وہیں بدھ کو بھی میٹنگوں کا سلسلہ جاری رہا، انتہائی معتبر ترین ذرائع نے بتایا کہ ریاستی وزیر مملکت برائے صحت (آزادانہ چارج) جعلی ادویہ سپلائی کے سنسنی خیز انکشاف سے کافی پریشان ہیں اور انہوں نے اس کیس کو انتہائی سنجیدگی سے لیکر نہ صرف معاملہ کی باریک بینی سے جانچ کرنے کی ہدایت دی ہے بلکہ وہ مستقبل کے حوالے سے ایک ٹھوس حکمت عملی مرتب کرنے کے بارے میں بھی کافی متفکر ہیں، ذرائع نے بتایا کہ یہی وجہ ہے کہ وزیر صحت متعلقین کے ساتھ میٹنگوں پر میٹنگیں کررہے ہیں اور بدھ کو ہونے والی میٹنگ میں بھی ان کے علاوہ محکمہ صحت کے تمام اعلیٰ حکام اور ڈرگ اینڈ فوڈ آرگنائزیشن کے حکام نے بھی شرکت کی۔

ذرائع نے کہا کہ میٹنگ میں وزیر موصوف نے جعلی ادویہ معاملہ پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے اس ناسور پر قابو پانے کی ضرورت ہے تاہم معلوم ہوا ہے کہ میٹنگ کے دوران ڈرگ محکمہ کی جانب سے وزیر کو مطلع کیا گیا کہ ڈرگ محکمہ میں نہ صرف عملہ کی قلت ہے بلکہ ڈھانچہ بھی ناکافی ہے اور صوبائی سطح پر جموں اور سرینگر میں صرف دو ایسی لیبارٹریاں قائم ہیں جہاں ادویات کی جانچ ہوسکتی ہے لیکن ادویات کی بھاری سپلائی کو دیکھتے ہوئے ڈرگ محکمہ کیلئے یہ ممکن نہیں کہ وہ ہر دوائی کی جانچ کرکے معیادبند مدت میں رپورٹ پیش کریں، ذرائع نے بتایا کہ ڈرگ محکمہ کے حکام نے وزیر پر باور کرایا کہ ادویات کے رپورٹ موصول ہونے میں اس لئے تاخیر ہورہی ہے کیونکہ صوبائی سطح پر قائم دونوں لیبارٹریوں پر بہت زیادہ بوجھ ہے اور عملہ کی قلت بھی آڑھے آرہی ہے۔


خبر کا کوڈ: 253342

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/253342/مقبوضہ-کشمیر-شدید-تنقید-کے-بعد-بالا-خر-حکومت-کی-نیند-ٹوٹ-گئی-اب-ادویات-پیشگی-جانچ-ہوگی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org