0
Saturday 13 Apr 2013 00:02

گلگت بلتستان کو دہشتگردوں کی آماجگاہ نہیں بننے دیا جائیگا، سید مہدی شاہ

گلگت بلتستان کو دہشتگردوں کی آماجگاہ نہیں بننے دیا جائیگا، سید مہدی شاہ
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے کہا ہے کہ شاہرائے قراقرم پر مسافروں کے سفر کو محفوظ بنانے کیلئے فول پروف سکیورٹی اقدامات کئے گئے ہیں، دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ صوبے کو دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد سے پاک کیا جاسکے، حکومت عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے گی۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیس فورس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا گلگت بلتستان میں قیام امن کیلئے کردار قابل تحسین ہے۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے وزیراعلیٰ آفس گلگت میں امن و امان کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں چیف سیکریٹری گلگت بلتستان، سیکریٹری داخلہ، آئی جی گلگت بلتستان اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔

سید مہدی شاہ نے قیام امن اور دہشت گردوں اور مفروروں کی گرفتاری کیلئے عمائدین داریل اور جرگہ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ممبران جرگہ اور عمائدین داریل کا کردار انتہا ئی مثبت رہا ہے جس سے علاقے کا امن خراب کرنے والوں کی حوصلہ شکنی ہوئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ گلگت بلتستان میں کسی بھی علاقے میں آپریشن نہیں ہورہا ہے صرف جرائم پیشہ افراد اور مفروروں کی گرفتاری کیلئے قانون نافذ کرنے والے ادارے داریل سمیت مختلف علاقوں میں کاروائی کررہے ہیں۔ قانون سے بالاتر کوئی نہیں ہے اور قانون سب کیلئے برابر ہے۔ جو کوئی بھی قانون ہاتھ میں لے گا اور صوبے کا امن خراب کرنے کی کوشش کرے گا اس کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 253763
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش