0
Saturday 13 Apr 2013 18:53

انتخابات میں تمام ہم خیال جماعتوں سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کریں گے، بلاول بھٹو زرداری

انتخابات میں تمام ہم خیال جماعتوں سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کریں گے، بلاول بھٹو زرداری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی آئندہ انتخابات میں ملک بھر میں تمام ہم خیال جماعتوں سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرے گی۔ پیپلز پارٹی کی حکومت نے تمام مشکلات کے باوجود اپنے اتحادیوں کے تعاون سے اپنی پانچ سالہ مدت مکمل کی اور ملک میں جمہوری نظام کو مضبوط کیا۔ آئندہ انتخابات میں فیصلہ عوام اپنے ووٹ کے ذریعہ کریں گے۔ بلاول بھٹو زرداری نے مخدوم امین فہیم کی سربراہی میں آئندہ انتخابات میں عوامی نیشنل پارٹی سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کیلئے ایک کمیٹی قائم کر دی ہے۔ اس کمیٹی میں راجہ پرویز اشرف، سید خورشید شاہ اور انور سیف اللہ شامل ہوں گے۔ یہ کمیٹی عوامی نیشنل پارٹی سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے ایک ہفتہ میں مذاکرات کرکے اپنی رپورٹ پارٹی چیئرمین کو پیش کرے گی۔ بلاول بھٹو زردادی کراچی میں میڈیا سیل میں ویڈیو لنک پر اسلام آباد اور پشاور میں پارٹی رہنماوں سے گفتگو کر رہے تھے۔

پیپلز پارٹی کے ذرائع نے بتایا کہ بلاول بھٹو زرداری نے اسلام آباد اور خیبر پختونخوا میں آئندہ انتخابات کے حوالے سے پارٹی کی سینئر قیادت سے طویل مشاورت کی۔ انہوں نے خیبر پختونخوا میں پارٹی کی انتخابی حکمت عملی اور پارٹی ٹکٹوں کے حوالے سے صوبائی صدر سے تفصیلات معلوم کیں۔ ذرائع کے مطابق انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے خلاف منفی پروپیگنڈے ماضی میں بھی ہوتے رہے ہیں اور یہ سلسلہ آج بھی جاری ہے لیکن ہم ان پروپیگنڈوں سے گھبرانے والے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی بھٹو شہیدوں اور عوام کی جماعت ہے۔ اپنے سیاسی مخالفین کا مقابلہ انتخابات میں جمہوری طریقے سے کریں گے۔ انہوں نے پارٹی کے امیدواروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنی انتخابی مہم موثر انداز میں چلائیں اور تمام صوبائی قیادت روزانہ کی بنیاد پر انتخابی مہم کے حوالے سے رپورٹ مرکزی سیکریٹریٹ کو ارسال کرے۔
خبر کا کوڈ : 253949
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش