0
Saturday 13 Apr 2013 19:32

پشاور، متنی میں مسافر ویگن میں بم دھماکہ، 9 افراد جاں بحق، 10 زخمی

پشاور، متنی میں مسافر ویگن میں بم دھماکہ، 9 افراد جاں بحق، 10 زخمی
اسلام ٹائمز۔ پشاور کے علاقے متنی میں ایک مسافر ویگن میں بم دھماکے کے باعث 9 افراد جاں بحق جبکہ 10 زخمی ہوگئے ہیں۔ زخمی ہونے والوں میں تین خواتین بھی شامل ہیں۔ جنہیں لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کوہاٹ سے پشاور آنے والی ایک مسافر وین پشاور کے مضافاتی علاقے متنی کے شیر علی بازار کے قریب رکی تو وہاں دھماکہ ہوگیا۔ بم ڈسپوزل سکواڈ کے مطابق دھماکہ خیز مواد مسافر ویگن کی چھت پر رکھا ہوا تھا۔ دھماکے کے نتیجے میں قریب واقع متعدد دکانوں کو بھی معمولی نقصان پہنچا ہے۔ ایس پی شفیع اللہ خان کے مطابق دھماکے سے مسافر وین کے عقبی حصے کو زیادہ نقصان پہنچا ہے اور ڈرائیور محفوظ رہا۔ انہوں نے میڈیا کے نمائندے کو بتایا کہ مسافر گاڑی میں امن لشکر کے اہلکار یا کوئی اہم شخصیت سوار نہیں تھی۔ یاد رہے کہ پشاور کے مضافاتی علاقوں میں گذشتہ کچھ عرصے سے امن و امان کی صورتحال ایک بار پھر خراب ہوگئی ہے۔ متنی میں اس سے پہلے بھی دہشتگردی کے متعدد واقعات پیش آچکے ہیں۔ 

دیگر ذرائع کے مطابق دھماکے میں پانچ کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا اور اسے ٹائم ڈیوائس کے ذریعے اُڑا گیا۔ پولیس کے مطابق پانچ کلو گرام بارودی مواد گاڑی میں نصب کیا گیا تھا اور اسے ٹائم ڈیوائس کے ذریعے اڑا دیا گیا۔ دھماکے سے انسانی اعضاء دور دور تک بکھر گئے۔ دھماکے سے مسافر کوچ مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ دھماکے کے بعد پشاور کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ لیڈی ریڈنگ اسپتال کے ذرائع کے مطابق دھماکے میں جاں بحق ہونے والے 9 افراد کی نعشیں اسپتال پہنچائی گئی ہیں، جبکہ آٹھ زخمی بھی اسپتال لائے گئے۔ جن میں سے چار کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔ پولیس کے مطابق گاڑی کا ڈرائیور اور کلینر دھماکے میں بچ گئے۔ اُنہیں تفتیش کے لئے تھانہ منتقل کر دیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 253966
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش