0
Saturday 13 Apr 2013 22:36

غذر یوتھ کانگریس کا گاہکوچ میں اجلاس، فعال اور صحتمند معاشرہ تشکیل دینے کا عزم

غذر یوتھ کانگریس کا گاہکوچ میں اجلاس، فعال اور صحتمند معاشرہ تشکیل دینے کا عزم
اسلام ٹائمز۔ غذر یوتھ کانگریس کی آرگنائزنگ کمیٹی کا اجلاس ریسٹ ہاوس گاہکوچ میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت غذر یوتھ کانگریس کی آرگنائزنگ کمیٹی کے سربراہ نور اکبر نے کی۔ اجلاس میں ضلع غذر کی چاروں تحصیلوں کے چیف آرگنائزرز مظہر علی، شمس الدین، اسلم انقلابی، عنایت الرحمٰن، عابد علی کے علاوہ امجد علی، پنین رونق، ظہیر علی، اقبال علی شاہ، علی شیر، رضوان علی، بشیر حسین سمیت یوتھ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اجلاس میں غذر یوتھ کانگریس کے اغراض و مقاصد کے حوالے سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے موصول ہونے والی تجاویز اور مشوروں پر تفصیلی بحث کی گئی اور متفقہ طور پر بنیادی اغراض و مقاصد طے کئے گئے۔
طے کردہ اغراض و مقاصد کے مطابق غذر یوتھ کانگریس، نوجوانوں کے حقوق کے تحفظ، ان کی بہترین تربیت کے ساتھ میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر ایک صحت مند معاشرے کے قیام کے لئے کوشش کرے گی۔ سرکاری، نیم سرکاری اور این جی او سیکٹر میں جاری بدعنوانی اور کرپشن کی روک تھام کے لئے قانونی دائرہ کار کے اندر رہتے ہوئے اپنا کردار ادا کرے گی جبکہ یوتھ کے جائز مطالبات پر عمل درآمد نہ ہونے کی صورت میں ہر طرح کا احتجاج کرنے سے گریز نہیں کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ لوگوں کو ان کے سیاسی، معاشی، سماجی اور دیگر حقوق کے حوالے سے آگہی دینے کے لئے مختلف اقدامات کئے جائینگے تاکہ لوگ سیاسی فیصلے ذاتی اور قبائلی مفاد کی بجائے معاشرے کے وسیع تر مفاد میں کرنے کے قابل ہوں۔ غذر یوتھ کانگریس ایک غیر سیاسی، غیر مذہبی اور غیر منافع بخش اور حقوق کی بنیاد پر ایک سول سوسائٹی انجمن ہوگی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بہت جلد غذر یوتھ کانگریس کی کابینہ سازی کی جائے گی اور تحصیل سطح پر بھی کانگریس کے یونٹس عمل میں لائے جائینگے جبکہ غذر یوتھ کانگریس کی کابینہ کی تقریب حلف برداری 27 اپریل کو گاہکوچ ریسٹ ہاوس میں منعقد ہوگی۔ تقریبِ حلف برداری میں مختلف سیاسی اور قوم پرست جماعتوں، این جی اوز، ٹریڈ یونینز، وکلا برادری، صحافتی برادری، انسانی حقوق کی تنظیمیں، اساتذہ، طلبہ کو بڑی تعداد میں شرکت کرنے کی دعوت دی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 254008
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش