0
Wednesday 17 Apr 2013 20:32

حکمرانوں کی انتخابات کے انعقاد کی کوئی نیت ہی نہیں، اختر مینگل

حکمرانوں کی انتخابات کے انعقاد کی کوئی نیت ہی نہیں، اختر مینگل

اسلام ٹائمز۔ بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل نے پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے صدر اور چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری پر قاتلانہ حملے کی مذمت اور انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے اپنے خدشات اور تحفظات کا پہلے ہی اظہار کردیا تھا۔ لیکن حکومت نے کوئی توجہ نہ دی۔ بلوچستان میں حالات انتخابات کیلئے سازگار نہیں۔ اور انتخابات سے قبل امن کا قیام انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے مقامی اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواب ثناء اللہ زہری کے قافلے پر حملہ بلوچ قومی و قبائلی روایات کے منافی ہے۔ بلکہ ہماری سیاسی روایات میں بھی ایسا عمل قابل برداشت نہیں۔ حملے میں نواب ثناء اللہ زہری کے صاحبزادے، بھائی اور بھتیجے کے جاں بحق ہونے پر دلی افسوس ہے۔ لیکن ہم نے انتخابات سے متعلق بہت پہلے ہی اپنے خدشات اور تحفظات کردیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ انتخابات کے انعقاد سے قبل ماحول کو سازگار بنانے کیلئے ٹھوس بنیادوں پر عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔ حکومت اور الیکشن کمیشن نے ہماری باتوں پر کسی قسم کی کوئی توجہ نہ دی۔ جس کی وجہ سے یہ افسوس ناک واقعہ رونما ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت بلوچستان کو خانہ جنگی کی جانب لے جایا جارہا ہے۔ غیر سیاسی و غیر جمہوری قوتوں کی کوشش ہے کہ بلوچستان میں سیاسی کلچر کا مکمل طور پر خاتمہ کیا جائے۔ پاکستان میں غیر جمہوری قوتوں نے کبھی بھی جمہوری عمل کو پروان چڑھنے نہیں دیا۔ بلوچستان میں تو جمہوری عمل کو شروع ہونے نہیں دیا گیا۔ بلوچستان میں الیکشن سے زیادہ ضرورت قیام امن کی ہے۔ جس کیلئے سرکار سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہی۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر امن کے قیام کو یقینی بنانے کیلئے سنجیدگی کا مظاہرہ کیا جاتا ہے تو پھر بلوچستان میں صاف، شفاف، منصفانہ اور پر امن انتخابات کے انعقاد کی کوئی امید کی جاسکتی ہے۔ لیکن ہم نے پہلے بھی کہا اور ایک بار پھر کہتے ہیں کہ حکمرانوں کی انتخابات کے انعقاد کی کوئی نیت ہی نہیں۔ اگر حکمران بلوچستان میں صاف شفاف اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کیلئے مخلص ہوتے اور نیک نیتی شامل ہوتی۔ شاید حالات اس نہج تک نہ پہنچتے لیکن حکمرانوں کی بدنیتی کے باعث حالات بد سے بدتر ہوتے جارہے ہیں اور انجیرہ میں ہونے والے واقعہ کے بعد تو مجھے یقین ہوتا جارہا ہے کہ حکمران بلوچستان میں صاف، شفاف اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کیلئے مخلص نہیں۔

خبر کا کوڈ : 254958
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش