0
Wednesday 17 Apr 2013 17:54

پرامن ماحول میں حق رائے دہی کا استعمال ووٹر کا حق ہے، نجم سیٹھی

پرامن ماحول میں حق رائے دہی کا استعمال ووٹر کا حق ہے، نجم سیٹھی
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ پولیس شہریوں کے جان و مال اور عزت و آبرو کے تحفظ کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائے، امن و امان کی صورتحال میں بہتری اور جرائم کی روک تھام کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے، بھتہ خوری اور اغواء برائے تاوان کی وارداتوں میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، ایسی گھناؤنی وارداتوں کی روک تھام کیلئے جدید خطوط پر تفتیش کی جائے، بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان اور مشکوک افراد کے بارے میں اطلاع کیلئے علیحدہ ہیلپ لائن قائم کی جائے گی تاکہ شہری بلاخوف و خطر ایسے گھناؤنے واقعات کے بارے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو معلومات فراہم کر سکیں۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ بھتہ خوری، اغواء برائے تاوان اور مشکوک افراد کی اطلاع دینے کے بارے میں ہیلپ لائن قائم کرنے کا جائزہ لے کر فوری رپورٹ پیش کی جائے۔ وہ آج ایوان وزیراعلیٰ میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ صوبائی وزیر داخلہ طارق پرویز، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب، سیکرٹری داخلہ، پرنسپل سیکرٹری برائے وزیراعلیٰ، سیکرٹری قانون، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری انفارمیشن، ایڈیشنل آئی جیز، سی سی پی او لاہور اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

وزیراعلیٰ نجم سیٹھی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشرہ کو جرائم سے پاک کرنے کیلئے پولیس لگن و محنت اور دیانتداری سے اپنے فرائض سرانجام دے، پولیس افسران دفاتر میں بیٹھنے کی بجائے فیلڈ میں جائیں اور لوگوں کی شکایات کا ازالہ کریں کیونکہ انصاف کے بغیر کوئی معاشرہ پنپ نہیں سکتا، عوام کو سستے اور فوری انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے تھانے میں آنیوالے سائلین کی فوری دادرسی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے اور جرائم کی روک تھام کیلئے پولیس کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے اور یہی وجہ ہے کہ پنجاب حکومت نے پولیس کو تمام ضروری وسائل فراہم کئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال بہتر سے بہتر بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، عام انتخابات کے شفاف اور پرامن انعقاد کیلئے امن و امان کی بہتری ترجیح ہے،سیاسی رہنماؤں، جلسوں اور انتخابی ریلیوں کی سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ریجنل اور ڈسٹرکٹ پولیس افسران امن و امان اور سکیورٹی کے حوالے سے سیاسی رہنماؤں سے رابطے میں رہیں، اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ کرنیوالوں کیخلاف بلاامتیاز سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر فوری ایکشن لیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پرامن ماحول میں حق رائے دہی کا استعمال ووٹر کا حق ہے اور نگران حکومت امن و امان اور سکیورٹی کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔
خبر کا کوڈ : 255133
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش