0
Friday 19 Apr 2013 19:56

امریکہ و بھارت پاکستان میں دہشت گردی کروا رہے ہیں، حافظ سعید

امریکہ و بھارت پاکستان میں دہشت گردی کروا رہے ہیں، حافظ سعید
اسلام ٹائمز۔ جامع مسجد القادسیہ میں خطبہ جمعہ کے دوران امیر جماعت الدعوۃ حافظ محمد سعید نے کہا کہ چند دن قبل آنیوالے ہولناک زلزلہ سے پاکستان، ایران کے سرحدی علاقہ ماشکیل میں شدید تباہی ہوئی ہے، ہزاروں کی تعداد میں لوگ مکانات کی تباہی سے بے گھر ہوئے ہیں، جن کے گھر گرنے سے بچ گئے ہیں وہ بھی اس قابل نہیں رہے کہ وہاں رہائش رکھی جاسکے اس لئے انہیں دوبارہ تعمیر کرنا پڑے گا، جماعۃالدعوۃ جس نے بلوچ بھائیوں کی محرومیاں دور کرنے کیلئے پہلے سے کئی ریلیف پروجیکٹ شروع کر رکھے ہیں، وہاں ہمارے رضاکار زلزلہ زدہ علاقوں میں بھی بھرپور امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں اور متاثرین کی ہر ممکن مدد کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

حافظ محمد سعیدنے کہا ہے کہ امریکہ اور بھارت وطن عزیز پاکستان میں دہشت گردی پروان چڑھانے کیلئے بے پناہ سرمایہ خرچ کر رہے ہیں، دین اسلام کو بدنام کرنے کیلئے مسلمانوں کے خلاف جھوٹا اور بے بنیاد پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے، زلزلہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں مزید تیز کرنے کی ضرورت ہے،جماعۃالدعوۃ متاثرین زلزلہ کے معمولات زندگی بحال ہونے تک امدادی سرگرمیاں جاری رکھے گی۔ کوئٹہ، کراچی اور دیگر شہروں سے بڑی تعداد میں خیمے، ادویات، خشک راشن اور دیگر اشیاء بھجوائی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قوم کو چاہیے کہ وہ مصائب میں گھرے اپنے ان بھائیوں کی مدد کیلئے بھرپور کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم ملکوں میں چلنے والے نظام اور قانونی ڈھانچے غلامی کے دور کی یادگاریں ہیں، اسلام کو مسلمانوں نے صرف مسجد تک محدود کر رکھا ہے، اللہ کے نبی(ص) نے نماز، روزہ، حج اور زکوٰۃ کی طرح اسلامی سیاست بھی سکھائی ہے اور باطل نظاموں و ڈھانچوں کا خاتمہ کر تے ہوئے اسلامی حکومت قائم کر کے عملی طور پر سیاست کر کے دکھائی ہے، آج اگر ہم یہ بات تسلیم کر تے ہیں کہ اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے اور سیرت رسول(ص) پر عمل کرنے میں ہی دنیا و آخرت کی کامیابی ممکن ہے تو پھر یہ دو عملی اور دو رنگی چھوڑنا پڑے گی۔

انہوں نے کہا کہ اسلام میں حکومت کا تصور یہ ہے کہ جس شخص کو اللہ تعالیٰ اقتدار کی نعمت سے نوازے، اس کی سوچ و فکر اور عقیدہ یہ ہو کہ زمین و آسمان کا مالک اور خالق اللہ تعالیٰ ہے اس لئے اس زمین پر حکم بھی اسی کا چلے گا اور اللہ کے علاوہ کسی کو یہ اختیار حاصل نہیں کہ وہ اپنے نظام و قوانین بنائے اور پھر لوگوں کو ان پر عملدرآمد پر مجبور کرے، قرآن و حدیث میں اسلامی حکومت اس کو کہا گیا ہے جو اپنے زیر قبضہ خطہ یا ملک میں اللہ کی حدوں کو نافذ کرے اور لوگوں سے اسلامی احکامات پر عمل کروائے، اس سلسلہ میں خلفائے راشدین کے روشن ادوار کی مثالیں ہمارے سامنے موجود ہیں، مسلمانوں کو جتنے بھی مسائل درپیش ہیں آج بھی ان کا حل سیرت رسول(ص) پر عمل کرنے میں ہے۔

حافظ محمد سعید نے کہا کہ لوگ چاہتے ہیں کہ مسلم ملکوں میں اسلامی انقلاب آئے اور خطوں و علاقوں میں اللہ کے دین کی حکمرانی ہو لیکن یہ بات ہمیںیاد رکھنی چاہیے کہ صرف خواہشات سے ایسا ممکن نہیں اور نہ ہی امریکہ ویورپ کے بنائے ہوئے نظاموں وقوانین پر عمل پیرا ہو کر ہم یہ مقاصد حاصل کر سکتے ہیں، اس کیلئے ہمیں اسلامی عقیدہ کی روشنی میں اپنی بنیادوں کو درست کرنا ہو گا۔انہوں نے کہاکہ مسلمانوں کو قرآن و حدیث پڑھنے ، سمجھے اور اس پر عمل کرنے کی ضرورت ہے اسی سے ملکوں ومعاشروں میں تبدیلیاں آئیں گی، مسلمانوں کی قربانیوں کے نتیجہ میں ظلم و جبر کا دور ختم ہو رہا ہے،وہ وقت ان شاء اللہ قریب ہے جب ایک بار پھر دنیا میں خلافت کا نظام نافذ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ اسلام دشمن قوتیں پہلے پروپیگنڈہ کرتی تھیں کہ دینی مدارس سے شدت پسندی پھیل رہی ہے لیکن اب امریکی کہتے ہیں کہ کالجز اور یونیورسٹیزکے طلباء شدت پسندی پھیلا رہے ہیں،بیرونی طاقتیں تخریب کاری اور دہشت گردی خود کروا رہی ہیں اور مذموم پروپیگنڈہ کے ذریعہ اسلام کو بدنام کیا جا رہا ہے، افسوسناک امر یہ ہے کہ آج ہمارے بڑے بڑے دانشور اصل حقائق معلوم ہونے کے باوجود امریکہ و یورپ کی ہاں میں ہاں ملانے اور ملک میں مغربی ایجنڈوں کو پروان چڑھانے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہ مسلم حکمرانوں کا فرض ہے کہ وہ مسلم ملکوں سے فحاشی وعریانی کو ختم کریں مگر مغرب کی خوشنودی کیلئے وہ خود سرکاری سرپرستی میں بے حیائی پھیلانے میں مصروف ہیں،ضرورت اس امر کی ہے کہ مسلمان اپنے گھروں میں کتاب و سنت نافذ کریں اور بچوں کی تربیت دینی بنیادوں پر کریں۔
خبر کا کوڈ : 255863
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش