0
Friday 19 Apr 2013 23:46

شام کا بحران بیرونی سازشوں کا نتیجہ ہے، فتح شام کے عوام کے ہی قدم چومے گی، بشار الاسد

شام کا بحران بیرونی سازشوں کا نتیجہ ہے، فتح شام کے عوام کے ہی قدم چومے گی، بشار الاسد
شام کے صدر بشار الاسد نے کہا ہے کہ عنقریب ملک سے دہشت گردوں کا صفایا ہو جائے گا۔ بشار الاسد نے شام کے ایک نشریاتی ادارے کو دئيے گئے اپنے انٹرویو میں کہا کہ شام کے خلاف لڑنے والے تمام افراد نابود ہوجائيں گے اور شام مستقبل قریب میں تمام دہشت گردوں کے وجود سے پاک ہوجائے گا۔ شامی صدر بشار الاسد نے مزید کہا کہ شام میں تشویش کا دور ختم ہوچکا ہے اور روئے زمین پر موجود کوئی بھی طاقت شامی فوج کو شکست نہیں دے سکتی۔ انہوں نے کہا کہ شام میں بات چیت کا دروازہ بدستور کھلا ہوا ہے اور ہر کوئی بات چیت کے لئے آزاد ہے۔ دریں اثناء شام کی فوج نے ملک کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچایا ہے۔ شامی فوج نے مختلف علاقوں میں کارروائی کے دوران متعدد دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جن میں اکثریت غیر ملکیوں کی تھی۔ شامی فوج نے درعا اور حسکہ صوبوں سمیت مختلف علاقوں میں کارروائی کے دوران النصرہ کی بہت سی گاڑیوں کو تباہ کر دیا، جن پر مشین گنیں نصب تھیں۔ اس کارروائی میں متعدد دہشتگرد بھی مارے گئے۔

اس سے قبل بھی شام کے صدر بشار الاسد نے ترکی کے دو جریدوں سے انٹرویو میں شام میں دہشتگردوں کی کامیابی یا شام کی تقسیم کے خطروں کی بابت خبردار کرچکے ہیں کہ اس سے سارے علاقے پر منفی اثرات پڑیں گے۔ صدر بشار الاسد نے ان جریدوں سے انٹرویو میں کہا کہ علاقے کے ملکوں پر شام کے بحران کے اثرات بڑی تیزی سے پڑیں گے اور اگر شام کی حکومت اس بحران کے نتیجے میں گر جاتی ہے تو علاقے کے ملکوں میں عدم استحکام پھیل جائے گا۔ انہوں نے شام کے حوالے سے ترک وزیراعظم اردوغان کے موقف کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کیا اردوغان یہ نہیں سوچتے کہ شام میں لگائی گئی آگ خود ان کے ملک کو بھی اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے؟ 

شام کے صدر نے علاقے کے بعض ملکوں کی کارکردگی پر گلہ کرتے ہوئے کہا کہ شام ایسے ملکوں کے گھیرے میں آچکا ہے جو دہشتگردوں کی حمایت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شام کا بحران بیرونی سازشوں کا نتیجہ ہے۔ بہت سے سیاسی حلقوں کا کہنا ہے کہ مغرب اور بعض عرب ملکوں کی جانب سے شام میں سرگرم عمل دہشتگردوں کی بے دریغ حمایت کو سامنے رکھتے ہوئے دیکھا جائے تو صدر بشار الاسد کے بیانات حقیقت سے نزدیک لگتے ہیں، بالخصوص اس وجہ سے بھی کہ متعدد ثبوت و شواہد سے واضح ہوچکا ہے کہ بعض مغربی اور سعودی عرب اور قطر نیز ترکی جیسے علاقائی ملکوں نے امریکہ کے ایما پر شام میں دہشتگردوں کی حمایت شروع کی ہے اور کر رہے ہیں۔ لیکن جیسا کہ شام کے صدر نے کہا ہے کہ شام کے پاس صرف اپنی فتح کا آپشن ہے اور ساری صورتحال کو دیکھنے سے لگتا ہے کہ آخر کار امریکہ اور خطے کے بعض ممالک کے حمایت یافتہ دہشتگردوں کو شکست ہوگی اور فتح شام کے عوام کے ہی قدم چومے گی۔
خبر کا کوڈ : 255905
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش