0
Saturday 20 Apr 2013 01:37

کوئٹہ سے پشاور چلنے والی کوئٹہ ایکسپریس کو بحال کرنے کا اعلان

کوئٹہ سے پشاور چلنے والی کوئٹہ ایکسپریس کو بحال کرنے کا اعلان

اسلام ٹائمز۔ پاکستان ریلوے نے کوئٹہ سے پشاور کیلئے چلنے والی کوئٹہ ایکسپریس کو 25 اپریل سے بحال کرنے کا اعلان کردیا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان ریلوے نے انجنوں کی کمی کی وجہ سے ملک بھر کی طرح صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سے اندرون ملک جانے والی ٹرینوں کی بندش کی تھی۔ جس میں کوئٹہ سے چلنے والی کوئٹہ ایکسپریس بھی شامل تھی۔ جس کی بندش کی وجہ سے کوئٹہ سے اندرون ملک جانے والے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔ تقریباً ایک سال تک کی بندش کے بعد 25 اپریل کو ٹرین کی دوبارہ بحالی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مذکورہ ٹرین اب کوئٹہ سے سبی براستہ جیکب آباد، خانیوال، فیصل آباد، لاہور، پشاور جایا کرے گی۔ ریلوے انتظامیہ نے کوئٹہ ایکسپریس کے اسٹاپ کم کردیئے ہیں۔ جس سے مسافروں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ کیونکہ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں صوبہ پنجاب کے علاقے ملتان خانیوال، شور کوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، گوجرہ، فیصل آباد، سمندری سمیت دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بڑی تعداد آباد ہے۔ 

ٹرین خانیوال سے روانہ ہوکر فیصل آباد میں اسٹاپ کرے گی۔ جس سے شور کوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور گوجرہ سمیت گرد و نواح میں رہنے والے مسافروں کو شدید دشواری کاسامنا کرنا پڑے گا۔ یاد رہے کہ کوئٹہ سے براستہ فیصل آباد جانے والی ٹرینیں چلتن ایکسپریس، اباسین ایکسپریس تمام اسٹیشنوں پر اسٹاپ کرتی تھیں۔ اور اس کی سیٹوں کی بکنگ کا کوٹہ بھی مختص تھا۔ ان علاقوں کے مسافروں نے ریلوے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ کوئٹہ ایکسپریس کے بھی چلتن اور اباسین ایکسپریس کے اسٹاپ بحال کرکے ان میں سیٹوں کی بکنگ کا کوٹہ بھی مختص کیا جائے۔ تاکہ مسافر ان سہولیات سے مستفید ہوسکیں۔

خبر کا کوڈ : 255912
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش