0
Sunday 21 Apr 2013 00:19

تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے لاہور میں انتخابی مہم کا آغاز کر دیا

تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے لاہور میں انتخابی مہم کا آغاز کر دیا
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ 11 مئی کو زندہ دلان لاہور نئی سیاسی تاریخ رقم کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے تمام امیدواروں کو یادگار کامیابی دلائیں گے اور قومی بینکوں کے قرضے ہڑپ کرنے، بیرون ملک اربوں روپے کے اثاثہ جات بنانے، لوٹ مار کی سیاست کرنے اور عوام کو مہنگائی، بیروزگاری اور لوڈشیڈنگ کے اندھیروں میں دھکیلنے والوں کو ہمیشہ کے لئے مسترد کر دیں گے، گزشتہ 5 برسوں میں ہونے والی قومی تباہی کا اصل ذمہ دار نواز لیگ اور پیپلز پارٹی کا گٹھ جوڑ تھا جنہوں نے ایک دوسرے کو کندھا پیش کر کے عوا م کو غربت، جہالت اور بدانتظامی میں ڈالے رکھا، پی ٹی آئی کی ’’تبدیلی ایکسپریس‘‘ چل پڑی ہے نوجوان اب نئے پاکستان کی تشکیل کی منزل پر پہنچ کر ہی دم لیں گے اور روایتی سیاست کے سومنات گرا دیئے جائیں گے۔

عمران خان پی ٹی آئی پی اپر مال کے آفس سے پارٹی کی انتخابی مہم کا آغاز کر تے ہوئے خطاب کر رہے تھے جہاں سے وہ ایک بہت بڑے جلوس میں داتا دربار روانہ ہوئے۔ تحریک انصاف لاہور کے صدر عبدالعلیم خان، مختلف حلقوں سے تحریک انصاف کے امیدواران اور پارٹی کارکنوں کی بڑی تعداد ساتھ تھی۔ عمران خان نے کہا کہ ڈیڑھ سو ارب روپے کے ناکام اور فلاپ منصوبے دینے والی نواز لیگ اب پنجاب کے عوام کو یرغمال نہیں بنا سکتی، میاں برادران سن لیں اہل لاہور انہیں دوبارہ مسند اقتدار پر نہیں پہنچنے دیں گے، یوتھ اور نوجوان نسل تحریک انصاف کے پلیٹ فارم سے ملک کی باگ دوڑ سنبھالے گی جسے پی ٹی آئی نے پاکستان کی سیاسی تاریخ میں سب سے بڑی تعداد میں ٹکٹیں دے کر انتخابی میدان میں اتارا ہے اور تبدیلی کے نعرے کو عملی جامہ پہنانے کی راہ ہموار کر دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام نئے پاکستان کی تشکیل کے لئے نکل پڑے ہیں اور کسی قیمت پر روایتی سیاست کو دوبارہ مسلط نہیں ہونے دیں گے۔ عمران خان نے لاہور کے دورے کے دوران این اے 118 میں شاہدرہ، این اے 120 میں بھاٹی چوک، این اے 121 میں گلشن راوی اور این اے 122 میں سمن آباد روڈ پر پارٹی کے مین انتخابی دفاتر کا افتتاح کیا۔ پی ٹی آئی کے امیدوران حامد زمان، ڈاکٹر یاسمین راشد اور بیرسٹر حماد اظہر صوبائی اسمبلی کے امیدواران انجینئر یاسر گیلانی، میاں محمود احمد، مظہر اقبال بھلی بٹ، زبیر نیازی، نواز نت، ملک وقار احمد، محمد ارشد خان، شعیب صدیقی، میاں اسلم اقبال بھی موجود تھے۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے کارکنوں نے ہر حلقے میں پارٹی چیئرمین عمران خان کا والہانہ استقبال کیا، ان پر جگہ جگہ پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔
خبر کا کوڈ : 256272
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش