0
Sunday 21 Apr 2013 09:48

بھارت خطے میں اپنا کردار بنانے کے لیے توسیع پسندانہ عزائم پر گامزن ہے، بیرسٹر

بھارت خطے میں اپنا کردار بنانے کے لیے توسیع پسندانہ عزائم پر گامزن ہے، بیرسٹر
اسلام ٹائمز۔ آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ بین الاقوامی برادری بالخصوص یورپی یونین مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے تاکہ مزید صورتحال خراب نہ ہو۔ وگرنہ پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی طاقتیں ہیں اور کوئی بھی چھوٹا یا بڑا حادثہ ایک بڑی جنگ کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے۔ بھارت اس وقت ریجن میں اپنا کردار بنانے کے لیے توسیع پسندانہ عزائم پر گامزن ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے یورپی یونین کے سفیر کے ساتھ ایک ملاقات میں کیا۔ بیرسٹر سلطان نے پورپی یونین کے پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعاون بڑھانے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اسی طرح یورپی یونین آزاد کشمیر میں بھی اقتصادی تعاون اور مختلف ترقیاتی منصوبے شروع کرنے میں ہمارے ساتھ تعاون کرے۔ اس وقت یورپی یونین واحد ادارہ ہے جو مسئلہ کشمیر کے حل کے سلسلے میں اپنا کردار ادا کر سکتا ہے ۔ کیونکہ مسئلہ کشمیر کے حل سے ہی اس ریجن میں امن قائم ہو سکتا ہے۔

بیرسٹر سلطان نے کہا کہ یورپ کے انفرادی ممالک کی بجائے اگر یورپی یونین مسئلہ کشمیر کو اٹھانے اور حل کرانے کے سلسلے میں کوششیں کرے تو امریکہ سمیت ساری انٹرنیشنل کمیونٹی اس کا ساتھ دے سکتی ہے اور اسی طرح بھارت جو کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیاں کر رہا ہے اس کی وجہ سے نہ تو اسے اقوام متحدہ کی مستقل نشست مل سکتی ہے اور نہ ہی اسے گلوبل ولیج میں اہم مقام مل سکتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 256320
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش