0
Tuesday 11 May 2010 12:56

کچھ پاکستانی حکام جانتے ہیں اسامہ اور ملاعمر کہاں ہیں،ہلیری کلنٹن

کچھ پاکستانی حکام جانتے ہیں اسامہ اور ملاعمر کہاں ہیں،ہلیری کلنٹن
واشنگٹن:اسلام ٹائمز-جنگ نیوز کے مطابق امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن نے الزام لگایا ہے کہ پاکستان کی موجودہ حکومت میں کچھ ایسے لوگ موجود ہیں جو جانتے ہیں کہ القاعدہ کے رہنما اسامہ بن لادن اور طالبان رہنما ملا عمر کہاں ہیں۔گزشتہ روز امریکی ٹی وی سی بی ایس کو انٹرویو دیتے ہوئے ہلیری کلنٹن نے کہا کہ پاکستانی انتظامیہ میں بعض ایسے حکام موجود ہیں جو طالبان اور القاعدہ سے متعلق جس قدر بتاتے ہیں اس سے زیادہ معلومات رکھتے ہیں،ہم پاکستان کی موجودہ کوششوں کی تعریف کرتے ہیں،لیکن پاکستان کو نائن الیون حملوں کے ذمہ داروں کو سزا دلوانے کے سلسلے میں مزید کام کرنا ہو گا،ہم ان لوگوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے پاکستان سے مزید تعاون چاہتے ہیں۔
 انہوں نے کہا کہ میں یہ نہیں کہتی کہ ان میں اعلیٰ پاکستانی حکام شامل ہیں،لیکن مجھے یقین ہے کہ اس حکومت میں بعض نچلے درجے کے ایسے اہلکار بھی موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ وقت بہت کم ہے پاکستان کو اپنے اور ہمارے مشترکہ دشمن کے خلاف فوری کارروائی کرنا ہو گی،پاکستان ایسے لوگوں کو گرفتار کرے یا قتل کرے،ہم ایسے لوگوں کو برداشت نہیں کر سکتے،جو لوگوں کو تربیت دے کر حملوں کیلئے امریکا بھیجتے ہیں۔جب ہلیری کلنٹن سے پوچھا گیا کہ کیا پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکا سے کافی تعاون نہیں کر رہا تو انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکام کے رویئے میں تبدیلی آئی ہے لیکن ہم مزید کارروائی چاہتے ہیں۔
 ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہماری پاکستانی حکومت کے اقدامات پر گہری نظر ہے۔ انہوں نے کہا اپنے ملک میں دہشت گردوں کا تعاقب کرنے میں اہم پیشرفت ہوئی ہے اور ہمیں نتائج کا انتظار ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ٹائم اسکوائر بم حملہ سازش کے الزام میں گرفتار فیصل شہزاد کا تعلق پاکستانی دہشت گرد گروپ سے ہے اور اس سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ گروپ کتنے منظم طریقے سے کام کر رہے ہیں۔ہلیری کلنٹن نے کہا کہ ہمارا پیغام پاکستانی حکومت کیلئے بالکل واضح ہے کہ ہمیں مشترکہ دشمن سے خطرہ ہے اور ضائع کرنے کیلئے وقت نہیں کیونکہ ہمارا مشترکہ دشمن انتہائی سخت اور تیز ہے۔اس سوال پر کہ کیا پاکستانی حکومت اس سلسلے میں تعاون نہیں کر رہی ہلیری کلنٹن کا کہنا تھا کہ ہم سے تعاون کیا جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ میں پاکستانی حکومت کے اقدامات کو سراہتی ہوں وہ خود اپنی سرزمین پر دہشت گردی کے خلاف مہم میں بہت آگے بڑھے ہیں۔ 
نیو یارک کے ٹائمز اسکوائر میں ناکام بم حملے کے تانے بانے پاکستان سے ملنے سے متعلق سوال پر ہلیری کلنٹن نے کہا کہ رابطے تو ہیں لیکن ابھی یہ جاننے کا عمل جاری ہے کہ یہ رابطے کیا ہیں،کتنے گہرے ہیں،کتنے عرصے پر محیط ہیں اور یہ کہ کیا وہاں سے کسی سازش کی حوصلہ افزائی یا رہنمائی کی گئی یا نہیں۔

خبر کا کوڈ : 25639
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش