0
Sunday 21 Apr 2013 18:22

الیکشن کے دوران بدامنی کی ذمہ دار نگران حکومت ہو گی، اسلم غوری

الیکشن کے دوران بدامنی کی ذمہ دار نگران حکومت ہو گی، اسلم غوری
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام سندھ کے سیکرٹری اطلاعات اور ترجمان محمد اسلم غوری نے کہا کہ الیکشن کمیشن اگر غیر جانبدارانہ انتخابات کرانا چاہتا ہے تو اُسے سندھ خصوصاً کراچی میں امن و امان کیلئے نگران حکومت پر دباﺅ ڈالنا چاہیئے۔ کراچی اور اندرون سندھ میں خوف و ہراس کی فضاء ہے۔ جس کی وجہ سے بہت سے اُمیدوار اپنی الیکشن مُہم جاری نہیں رکھ سکتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ پچھلے دنوں اندرون سندھ میں جیکب آباد اور شکار پور میں مذہبی رہنماﺅں پر بموں سے حملے ہوئے، اس سے پہلے سند ھ میں ایسا نہیں ہوا تھا۔ دوسری طرف کراچی میں روزانہ دس سے پندرہ افراد دہشت گردی کا شکار ہو رہے ہیں اور سر شام عوام خوف زدہ ہو کر گھر وں میں گھس جاتے ہیں۔ ان حالات میں الیکشن مُہم چلانا تو ایک طرف، لگتا ہے کہ ووٹر بھی گھر سے باہر نہیں آئیں گے۔
 
محمد اسلم غوری نے مزید کہا کہ کراچی میں میٹرک کے امتحانات پر دہشت گردوں کی یلغار کراچی میں امن و امان کی صورت حال کی واضح نشاندہی کرتی ہے۔ کراچی میں علماء، طلباء، ڈاکٹر، تاجر، سیاستدان اور عام شہری بے موت مارے جا رہے ہیں۔ کراچی شہر میں کوئی بھی علاقہ امن و امان کے حوالے سے محفوظ قرار نہیں دیا جا سکتا۔ اعلیٰ عدلیہ کے بار بار دباﺅ کے باوجود ذمہ داران اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے نظر نہیں آ رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ نگران حکومت کی پہلی ترجیح امن و امان کا قیام ہونا چاہیئے تھا، جس میں وہ کامیاب نظر نہیں آ رہی ہے۔ رینجرز کی طرف سے ٹارگٹڈ آپریشن بھی جاری ہے اس کے باوجود بہتری کی کوئی صورت حال نظر نہیں آ رہی ہے۔ ان حالات میں شفاف انتخابات ایک خواب بن جائینگے۔ نگران حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور غیر جانبدارانہ انتخابات کیلئے ماحول ساز گار بنائے۔ تمام اُمیدواروں کو سیکورٹی فراہم کی جائے اور سیاسی سرگرمیوں کو بھی مکمل تحفظ فراہم کیا جائے۔ اگر ایسا حکومت نہ کر سکی تو پھر ہم سمجھتے ہیں کہ انتخابات غیر جانبدارانہ نہیں ہونگے۔
 
محمد اسلم غوری نے کہا کہ نگران حکومت کو چاہیئے کہ خیبر پختونخواہ کی طرح تمام سیاسی جماعتوں سے امن و امان کے حوالے سے تجاویز لی جائیں۔ جو قومی قیادت سندھ میں رہتی ہے اسکی حفاظت کیلئے فول پروف انتظامات کئے جائیں۔ رینجرز کی طرف سے کئے جانے والے ٹارگٹڈ آپریشن میں تیزی لائی جائے اور گرفتار دہشت گرد عناصر قوم کے سامنے لائے جائیں۔ کراچی میں نو گو ایریاز کے خاتمے کے بغیر غیر جانبدارانہ الیکشن ممکن نہیں ہے اور اس سلسلے میں بغیر کسی تفریق کے نو گو ایریاز ختم کئے جائیں۔ اگر ایسا نہ ہوا اور الیکشن کے دوران امن و امان خدانخواستہ قائم نہ کرسکے تو پھر اسکی تمام تر ذمہ داری نگران حکومت پر عائد ہو گی۔
خبر کا کوڈ : 256463
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش