QR CodeQR Code

بلاول بھٹو سیکورٹی خطرات کی وجہ سے ویڈیو لنک کے ذریعے انتخابی مہم چلائیں گے، تاج حیدر

23 Apr 2013 00:25

اسلام ٹائمز: پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری نے کہا کہ پارٹی کی قائد بے نظیر بھٹو سمیت ان کے بھائیوں کو قتل کیا جاچکا ہے اس لئے پارٹی چیئرمین کی حفاظت ضروری ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری سید تاج حیدر نے کہا ہے کہ سیکورٹی خطرات کی وجہ سے پارٹی کے چئیر مین بلاول بھٹو زرداری ویڈیو لنک کے ذریعے انتخابی مہم چلائیں گے۔ تاہم ایک یا 2 جلسوں سے وہ براہ راست خطاب بھی کرسکتے ہیں۔ وہ پریس کلب میں پارٹی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن نبی داد خان کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر سینیٹر سعید غنی، قومی اسمبلی کے حلقے این اے 250 سے امیدوار راشد حسین ربانی ،وقار مہدی، شمع عارف مٹھانی، لطیف مغل، ایچ ایم گھانچی، حبیب الدین جنیدی و دیگر بھی موجود تھے۔ سید تاج حیدر نے کہا کہ پارٹی کی جانب سے انتخابی نغموں اور گیتوں کی سی ڈیز جاری کردی گئی ہے تاکہ پارٹی کا پیغام گھر گھر پہنچایا جاسکے۔ تاج حیدر نے کہا کہ پارٹی کی قائد بے نظیر بھٹو سمیت ان کے بھائیوں کو قتل کیا جاچکا ہے اس لئے پارٹی چیئرمین کی حفاظت ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت کا کسی سے کراچی میں انتخابی اتحاد نہیں ہوگا۔ اسی طرح متحدہ قومی موومنٹ نے بھی واضح کردیا ہے کہ وہ کسی جماعت سے انتخابی اتحاد نہیں کریں گے۔ سید تاج حیدر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو پولنگ والے دن ووٹروں پر عائد ٹرانسپورٹ کی پابندی ختم کر دینی چاہیے، اگر ٹرانسپورٹ پر عائد پابندی ختم نہ کی گئی تو اس سے غریب ووٹروں کی مشکلات میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ووٹروں کو یہ حق ہونا چاہیے کہ وہ اپنے مستقل اور موجودہ دونوں ایڈریس پر ووٹ کاسٹ کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 پر تمام جماعتیں شور مچا رہی ہیں، اس لئے ان آرٹیکل پر نظر ثانی ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے عوام کی خدمت کی ہے اس لئے عوام آئندہ بھی پارٹی کو کامیاب کرائیں گے۔ پیپلزپارٹی ہی وہ عوامی جماعت ہے جو تمام تر ظلم و جبر کے باوجود آج بھی ملک بھر میں مقبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ مفاہمت کی پالیسی سے اگرچہ پیپلز پارٹی کو نقصان ہوا ہے لیکن پھر بھی پارٹی نے ملک اور عوام کے مفاد میں اسے جاری رکھا۔


خبر کا کوڈ: 256902

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/256902/بلاول-بھٹو-سیکورٹی-خطرات-کی-وجہ-سے-ویڈیو-لنک-کے-ذریعے-انتخابی-مہم-چلائیں-گے-تاج-حیدر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org