QR CodeQR Code

پیپلز پارٹی مخالف دس جماعتی اتحاد میں اختلافات شدت اختیار کر گئے

23 Apr 2013 17:19

اسلام ٹائمز: قاری محمد عثمان امیر جے یو آئی کراچی نے کہا کہ اگر دس جماعتی اتحاد میں شامل جماعتوں نے ہمارے مقابلے میں اپنے امیدوار دستبردار کروائے تو ہم بھی مثبت جواب دیتے ہوئے اتحاد کو برقرار رکھیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ سندھ میں پیپلز پارٹی مخالف دس جماعتی اتحاد میں شامل سیاسی و مذہبی جماعتوں کے درمیان کراچی کی مختلف قومی و صوبائی اسمبلی کے حلقوں پر مشترکہ امیدواروں لانے کے معاملے پر اختلافات شدت اختیار کر چکے ہیں اور پیپلز پارٹی مخالف دس جماعتی اتحاد کے ٹوٹنے کے امکانات میں اضافہ ہو گیا ہے۔ اتحاد میں شامل جماعت اسلامی اور مسلم لیگ فنکشنل پہلے ہی اپنے امیدوار کھڑے کر چکے ہیں اور اب جمعیت علماء اسلام نے بھی کراچی سے قومی اسمبلی کے تین اور صوبائی اسمبلی کے آٹھ حلقوں سے امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے۔

جے یو آئی کراچی کے امیر قاری محمد عثمان کے مطابق حلقہ این اے 239 سے قاضی فخر الحسن، این اے 240 سے مفتی فیض الحق، این اے 248 سے مولانا شرین محمد، پی ایس 90 سے مولانا عمر صادق، پی ایس 91 سے حافظ محمد نعیم، پی ایس 93 سے اکبر شاہ ہاشمی، پی ایس 96 سے مولانا عبدالقدیم، پی ایس 98 سے مولانا شمشاد الرحمان، پی ایس 115 سے عمران ترین، پی ایس 117 سے فاروق سید، پی ایس 128 سے مولانا احسان اللہ ٹکروی الیکشن میں حصہ لیں گے۔
 
قاری محمد عثمان نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت علماء اسلام دس جماعتی اتحاد کا حصہ ہے، لیکن بعض اتحادی جماعتوں کی جانب سے ہمارے امیدواروں کے مقابلے میں ٹکٹ جاری کئے گئے ہیں جس کی وجہ سے جے یو آئی نے بھی ان حلقوں کے علاوہ بعض دیگر حلقوں سے بھی ٹکٹ جاری کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر دس جماعتی اتحاد میں شامل جماعتوں نے جے یو آئی کے امیدواروں کے مقابلے میں اپنے امیدوار دستبردار کروائے تو جمعیت علماء اسلام بھی مثبت جواب دیتے ہوئے اتحاد کو برقرار رکھے گی۔


خبر کا کوڈ: 257162

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/257162/پیپلز-پارٹی-مخالف-دس-جماعتی-اتحاد-میں-اختلافات-شدت-اختیار-کر-گئے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org