QR CodeQR Code

ووٹ ایک امانت ہے جسے دیانتدار لوگوں کے حوالے کیا جائے، ڈاکٹر وسیم اختر

24 Apr 2013 18:44

اسلام ٹائمز: جماعت اسلامی پنجاب کے امیر نے بہاولپورمیں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں مذہب کے نام پر ووٹ مانگنے پر پابندی ناقابل فہم اور قابل مذمت ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پنجاب کے امیر ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ ووٹ ایک امانت ہے جسے دیانتدار لوگوں کے حوالے کیا جاناچاہئے۔ غیردانشمندانہ فیصلے ملک وقوم دونوں کے لئے نقصان کا سبب ہیں۔ میگا اسکینڈلز میں ملوث سیاست دانوں کو معاف نہ کیا جائے۔ سالانہ اربوں روپے کی کرپشن لمحہ فکریہ ہے۔ پاکستان کی آزادی، خودمختاری اور سلامتی سب کچھ دائو پر لگادیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ شفاف انتخابات سے ہی ملک میں مثبت تبدیلی آسکتی ہے۔ 64 برس سے پاکستان جاگیرداروں، وڈیروں اور سرمایہ داروں کے قبضے میں ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ ان سے چھٹکارہ حاصل کیا جائے۔ پیپلزپارٹی اور اس کے اتحادیوں کا دور حکومت ملکی تاریخ کا کرپٹ ترین دور ہے۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب میں لاقانونیت کی انتہا ہوچکی ہے۔ گزشتہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں نے ملک کو تباہ کردیاہے۔ 18گھنٹے کی لوڈشیڈنگ سے جہاں ایک طرف عوام کی زندگی اجیرن ہوچکی ہے وہاں پانی کی قلت کے باعث لوگ سخت پریشان ہیں۔ 

جماعت اسلامی پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لئے جدوجہد کررہی ہے۔ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں مذہب کے نام پر ووٹ مانگنے پر پابندی ناقابل فہم اور قابل مذمت ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ مشرف ملک و قوم کے مجرم ہیںانہیں سزا ضرور ملنی چاہئے۔ جھوٹے وعدے کرنے والوں کو انتخابات میں عبرت ناک شکست ہوگی۔ عوام ایسے نمائندوں کوووٹ نہ دیں جنہوں نے5سال تک مراعات کے مزے لوٹنے کے سوا کچھ نہ کیا ہو۔


خبر کا کوڈ: 257591

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/257591/ووٹ-ایک-امانت-ہے-جسے-دیانتدار-لوگوں-کے-حوالے-کیا-جائے-ڈاکٹر-وسیم-اختر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org