QR CodeQR Code

امریکی غلامی سے نجات پانا پوری قوم کی آرزو ہے، لیاقت بلوچ

24 Apr 2013 19:24

اسلام ٹائمز: جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل نے ملتان میں جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک جن ابتر حالات سے دوچار ہے اس کی ذمہ داری نااہل، کرپٹ، بدعنوان اور امریکی غلام حکمرانوں پر عائد ہوتی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل و اُمیدوار قومی اسمبلی 149 لیاقت بلوچ نے کہاکہ ملک جن ابتر حالات سے دوچار ہے اس کی ذمہ داری نااہل، کرپٹ، بدعنوان اور امریکی غلام حکمرانوں پر عائد ہوتی ہے۔ جن کی پالیسیاں ملک و قوم کی بجائے اپنے غیر ملکی آقائوں کیلئے ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جنرل پرویز مشرف قومی مجرم ہیں۔ بےگناہوں کا خون انہیں قانون کے کٹہرے کے لیے گرفت میں لے آیا ہے۔ آئین اور قانون کے مطابق مقدمہ چلے اور نگران حکومت عوام کی آواز سنے اور آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت مقدمہ چلانے کے لیے فوری طور پر آئینی راستہ اختیار کیا جائے۔
 
لیاقت بلوچ نے کہا کہ امریکی غلامی سے نجات پانا پوری قوم کی آرزو ہے۔ آزاد، باوقار ملک کے لیے داخلہ اور خارجہ پالیسی بدلنا ہو گی۔ امریکی جنگ میں حصہ داری کی وجہ سے پاکستان کو 70 ارب ڈالر کا نقصان ہوا اور 49 ہزار سول اور فوجی شہید ہو چکے ہیں۔ ڈرون حملوں میں بےگناہ انسانوں کا قتل کیا جا رہا ہے۔ دہشتگردی اور تخریب کاری کے منظم نیٹ ورک پاکستان کو کمزور، ناکام ریاست ثابت کرنے کے لیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہی قومی اتحاد، حکمت اور قومی تدبر سے امریکی غلامی سے قوم کو نجات دلائے گی۔


خبر کا کوڈ: 257593

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/257593/امریکی-غلامی-سے-نجات-پانا-پوری-قوم-کی-آرزو-ہے-لیاقت-بلوچ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org