0
Thursday 25 Apr 2013 17:25

نبیل گبول جس جماعت کو 25 سال تک دہشت گرد کہتے رہے، اسی میں شامل ہو گئے، تاج حیدر

نبیل گبول جس جماعت کو 25 سال تک دہشت گرد کہتے رہے، اسی میں شامل ہو گئے، تاج حیدر
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صوبائی الیکشن سیل کے سربراہ تاج حیدر اور اراکین نے نبیل گبول کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان پیپلز پارٹی چھوڑ کر جس جماعت میں شامل ہوئے ہیں اس پر وہ خود پچیس سال تک دہشت گرد تنظیم ہونے کے الزامات بھر پور طریقے سے لگاتے رہے ہیں۔ آج ان کو پاکستان پیپلز پارٹی پر یہ الزام لگاتے ہوئے کہ ہمارا رابطہ دہشت گردوں سے ہے دس بار سوچنا چاہئے اور اپنے ماضی کے موقف کو ذہن میں رکھنا چاہئیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے جن امیدواروں کو ٹکٹ دئیے ہیں وہ پرانے سیاسی کارکن ہیں اور ملک میں جمہوریت کی بحالی اور آئین کی بالادستی کیلئے جدوجہد کرتے رہے ہیں اور اس جدوجہد میں قید و بند کی صعوبتیں بھی برداشت کر چکے ہیں۔ پارٹی کے اور ٹریڈ یونین تحریک کے سر کردہ کارکن ہیں اور نبیل گبول خود برسوں ان کے ساتھ مختلف حیثیتوں سے کام کرتے رہے ہیں۔
 
تاج حید اور اراکین الیکشن سیل نے مزید کہا کہ لیاری کی صورت حال جس کو وہ لیاری کے باہر سے بیٹھ کر مستقل بگاڑتے رہے ہیں تشویشناک حد تک پہنچ چکی تھی جسے پاکستان پیپلز پارٹی نے بڑی مشکل کے ساتھ سنبھالا ہے۔ ہماری ہر حکمت عملی میں افہام اور تفہیم کو مرکزی حیثیت حاصل رہی ہے اور ہم نے خود اس جماعت سے جس کو نبیل گبول پچیس سال تک دہشت گرد کہتے رہے اور آج جس میں وہ شامل ہیں مذاکرات اور افہام و تفہیم کا راستہ اختیار کیا ہے۔ انہوں نے شہر کی بگڑتی ہوئی صورت حال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اپنے بیان میں تاج حیدر اور الیکشن سیل کے اراکین نے کہا کہ بے گناہ افراد کا قتل خواہ دہشت گردوں کی جانب سے ہو یا سرکاری امن و امان کے اداروں کی جانب سے، قابل مذمت ہے اور مظلوموں کو انصاف ملنا چاہئیے۔ لیاری میں چار افراد کا قتل اور پیپلز چورنگی پر ہونے والا دھماکہ ایسے واقعات نہیں ہیں جنہیں نظر انداز کیا جا سکے۔ ان دونوں افسوسناک واقعات کی عدالتی تحقیقات ہونی چاہئیے تاکہ اصل حقائق سامنے آ سکیں اور کراچی کے حالات مزید نہ بگڑیں۔
خبر کا کوڈ : 257904
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش