0
Friday 26 Apr 2013 22:12

کراچی، مومن آباد میں اے این پی کی کارنر میٹنگ میں دھماکہ، 11 افراد جاں بحق 40 سے زائد زخمی

کراچی، مومن آباد میں اے این پی کی کارنر میٹنگ میں دھماکہ، 11 افراد جاں بحق 40 سے زائد زخمی
اسلام ٹائمز۔ کراچی میں اے این پی کے انتخابی دفتر کے قریب دھماکہ، بشیر جان بال بال بچ گئے، 11 افراد جاں بحق، 40 سے زائد زخمی، دھماکہ سے عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے، پولیس اور رینجرز طلب۔ کراچی کے علاقے سائٹ میں عوامی نیشنل پارٹی کے انتخابی دفتر کے قریب دھماکے میں 11 جاں بحق جبکہ 40 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ میڈیا نیوز کے مطابق کراچی میں اے این پی کے رہنماء بشیر جان کے انتخابی دفتر کے قریب دھماکہ ہوا، تاہم وہ اس دھماکے میں محفوظ رہے۔ دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں، پولیس اور بم ڈسپوزل سکواڈ کا عملہ جائے حادثہ پر پہنچ گیا اور ایمبیولینسوں کے ذریعے زخمیوں کو مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ دھماکے میں کئی گاڑیاں تباہ جبکہ دکانوں اور مکانوں کو بھی نقصان پہنچا۔ ڈی آئی جی ویسٹ کے مطابق دھماکہ اے این پی کی کارنر میٹنگ کے دوران ہوا۔ 

عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر شاہی سید کا کہنا ہے کہ نگران حکومت کی جانب سے سکیورٹی کا مناسب اہتمام نہیں کیا جا رہا۔ مقامی موبائل نمبروں سے ہمارے امیدواروں کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ ہمارے امیدواروں کے پاس سکیورٹی اہلکار بھی موجود نہیں۔ واقعہ پر نگران وزیراعلٰی سندھ اور آئی جی کے خلاف مقدمہ درج کرائیں گے۔ اے این پی کے رہنماء میاں افتخار حسین کا کہنا تھا کہ دہشتگرد اپنی کارروائیوں کے ذریعے الیکشن ملتوی کروانا چاہتے ہیں۔ متحدہ قومی موومنٹ، اے این پی اور پیپلز پارٹی کو ان دہشتگرد کارروائیوں کے ذریعے الیکشن سے دور رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ یہ تینوں جماعتیں دہشتگردوں کا ہدف ہیں لیکن ہم محتاط طریقے سے اپنی انتخابی مہم جار رکھیں گے اور کسی صورت الیکش ملتوی نہیں ہونے دیں گے۔ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صرف پنجاب میں ہی آزادانہ انتخابی مہم چل رہی ہے۔ باقی تین صوبوں کو انتخابات سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ اے این پی کے انتخابی دفتر پر حملہ روشن خیال جماعتوں کے خلاف دہشتگردی کا تسلسل ہے۔ دوسری جانب واقے کے خلاف اے این پی نے یوم سوگ منانے کا اعلان کر دیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 258233
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش