QR CodeQR Code

حکمرانوں کی امریکی حمایت نے ملک کو بدامنی کا شکار کیا، فضل الرحمن

27 Apr 2013 19:25

اسلام ٹائمز:جے یوآئی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ انتخا بات کے التواء کا کوئی خطرہ نہیں، اگر انتخابات کے التوا کی کوشش کی گئی تو پھر اس کے نتائج ملک کیلئے اچھے نہیں ہوں گے، اسلام کے نام پر حاصل ہونیوالے پاکستان کو سیکولر ریاست نہیں بننے دیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ انگریز نے اس ملک میں طبقاتی نظام وراثت میں چھوڑا ہے، غریب عوام کو عام انتخابات میں سرمایہ دار اور جاگیر دار طبقے کی غلامی سے نکلنے کا فیصلہ کرنا ہو گا ملک کو فلاحی ریاست بنانے کیلئے مزدور کو اس کا حق دینا ہو گا، ماضی میں حکمرانوں نے آنکھیں بند کر کے بلا جواز امریکہ کی حمایت نے ملک کو بدامنی میں مبتلا کر دیا ہے۔ مرکزی میڈیا سیل کے مطابق وہ مختلف مقامات پر اپنے انتخابی خلقوں میں انتخابی اجتماعات سے خطاب اور پارٹی راہنماؤں مولانا محمد امجد خان، مفتی ابرار احمد، الحاج شمس الرحمن شمسی اور دیگر سے گفتگو کر رہے تھے۔

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ انتخابات کے التواء کا کوئی خطرہ نہیں، اگر انتخابات کے التوا کی کوشش کی گئی تو پھر اس کے نتائج ملک کیلئے اچھے نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ نعروں کی سیاست کرنے والوں نے غریب عوام کے منہ سے روٹی کا آخری نوالہ بھی چھین لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریب عوام کے حقوق کے راستے میں سب سے بڑی رکاوٹ سرمایہ دار اور جاگیردار طبقہ ہے، جے یو آئی اقتدار میں آ کر غریب عوام کو حقیقت میں ریلیف دے گی اور ملک میں خوشحالی لائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جے یو آئی ملک کو سیکولر ریاست بنانے کے راستے میں سب سے بڑی رکاوٹ تھی اور رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کے نام پر بننے والے ملک کو لادین ریاست بنانے والوں کیلئے ملک میں کوئی جگہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات کے قریب پرتشدد واقعات افسوسناک ہیں، انہوں نے کراچی میں اے این پی کے دفتر پر میں دھماکے اور مفتی نظام الدین شامزئی کے بھائی ڈاکٹر عزیز الدین سمیت دیگر افراد کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا نگران حکومت امن وامان کے حوالے سے اپنی ذمے داریاں پوری کرے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جان، مال، عزت کا تحفظ نگران حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کارکنو ں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے اپنے حلقوں میں انتخابی مہم کو مزید تیز کریں اور عوام کے ساتھ رابطے بڑھائیں اور اپنے منشور سے آگاہ کریں۔


خبر کا کوڈ: 258533

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/258533/حکمرانوں-کی-امریکی-حمایت-نے-ملک-کو-بدامنی-کا-شکار-کیا-فضل-الرحمن

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org