0
Saturday 27 Apr 2013 19:30

پرامن الیکشن کیلئے پولنگ اسٹیشنز پر فوج تعینات کیجائے، منور حسن

پرامن الیکشن کیلئے پولنگ اسٹیشنز پر فوج تعینات کیجائے، منور حسن
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے کہا ہے کہ حالات جیسے بھی ہوں، 11 مئی کو ہر صورت انتخابات منعقد ہونے چاہئیں، انتخابات کا ایک دن کا التوا بھی قابل قبول نہیں، انتخابات میں تاخیر سے حالات بگڑنے اور ملکی سلامتی کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں، گو کہ ملک بھر میں خصوصاً خیبرپختونخوا، بلوچستان اور کراچی میں امن و امان کی صورتحال تشویشناک حد تک خراب ہے، حالات کو درست کرنے کا واحد راستہ انتخابات ہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک جمہوری حکومت ہی قومی و ملکی مسائل حل کر سکتی ہے۔ 

سید منور حسن نے کہا کہ ملک دشمن قوتیں اپنے بیرونی سرپرستوں کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہو کر ملک میں افراتفری اور خانہ جنگی کی صورتحال پیدا کرنے کے لیے بم دھماکے اور خودکش حملے کر رہی ہیں، گزشتہ ہفتے ہونے والے خونیں واقعات کی وجہ سے ملک میں غیریقینی کی فضا پیدا ہو گئی ہے جس سے عوام کے ذہنوں میں انتخابات کے التوا کے بارے میں خدشات جنم لے رہے ہیں، عبوری حکومت اور الیکشن کمیشن امن و امان کو بحال کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کریں جو عملاً نظر بھی آئیں اور عوام کو ان پر یقین بھی آئے۔

سید منور حسن نے کہا کہ پوری قوم اور قومی ادارے متحد ہو کر پاکستان و جمہوریت دشمن عناصر کو ناکام بنا دیں۔ انہوں نے ایک بار پھر اپنا مطالبہ دہرایا کہ ملک میں امن و امان کی نازک صورتحال کے پیش نظر نگران حکومت تمام سیاسی و قومی جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس بلائے اور موجودہ گھمبیر صورتحال پر قابو پانے کے لیے متفقہ لائحہ عمل تیار کرے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں حالات اتنے خراب ہو چکے ہیں کہ گیارہ اضلاع کے انتخابی عملے نے 11 مئی کو الیکشن ڈیوٹی دینے سے انکار کر دیا ہے یہی صورتحال کراچی کی ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ موجودہ انتخابات کو فری اینڈ فیئر کرانے اور ووٹرز اور انتخابی عملے کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے ضروری ہے کہ بڑے پیمانے پر پولنگ اسٹیشنوں پر فوجی جوان متعین کیے جائیں ورنہ وسیع پیمانے پر خونریزی کا خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام و پاکستان دشمن قوتوں نے فیصلہ کر لیا ہے کہ ہر صورت میں الیکشن سپوتاژ کر دیئے جائیں اس لئے ہمارے سکیورٹی اداروں کو چاہئے کہ وہ اپنی آنکھیں کھلی رکھیں اور امن وامان کا قیام یقینی بنائیں۔
خبر کا کوڈ : 258536
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش