0
Saturday 27 Apr 2013 23:41

پاکستان پر ابتک حکومت کرنیوالے تمام سیاستدان غیرملکی ایجنٹ تھے، رحمت وردگ

پاکستان پر ابتک حکومت کرنیوالے تمام سیاستدان غیرملکی ایجنٹ تھے، رحمت وردگ
اسلام ٹائمز۔ تحریک استقلال کے مرکزی صدر رحمت خان وردگ نے کہا ہے کہ اب تک پاکستان میں حکومت کرنیوالے تمام سیاستدان غیر ملکی ایجنٹ ہیں اور عوام کے ساتھ مخلص نہیں اور انہوں نے صرف امریکی آلہ کار کے طور پر کام کرتے ہوئے پاکستان کو ان حالات تک پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کے نام پر جس طرح کا نظام رائج کیا گیا اس میں عوام کے مفاد کی بجائے ذاتی مفادات کو ترجیح دی گئی اور قرضے معاف کرواکر اور کرپشن کرکے ذاتی جیب بھرے گئے۔ انہوں نے کہا کہ اب عوام کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں اور سرمایہ داروں وجاگیردار وں کو تحفظ دینے والے نظام کیخلاف بغاوت کرتے ہوئے اب تک حکمرانی کے مزے لوٹنے والے نااہل اور کرپٹ سیاستدانوں کو یکسر مسترد کر دینا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ سال میں غربت، بیروزگاری، مہنگائی اور لاقانونیت میں جس قدر اضافہ ہوا ہے اس کی پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) دونوں ذمہ دار ہیں کیونکہ گزشتہ 5 سال میں پاکستان کے 65% صوبہ پنجاب پر مسلم لیگ (ن) کی حکمرانی تھی مگر انہوں نے بھی عوام کے لئے کچھ نہیں کیا اور صرف میٹر وبس، دانش اسکول سے عوام کو دو وقت کی روٹی‘ سستی بجلی اور روزگار نہیں مل سکتا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں بڑی سیاسی جماعتوں نے عوام کے مسائل کے حل کیلئے کچھ نہیں کیا اور بلدیاتی انتخابات نہ کرواکر جمہوریت دشمنی کا اصل ثبوت دیا۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے یہاں سیاستدانوں نے خود جمہوریت کے لفظ کو بدنام کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اس وقت سنگین ترین توانائی بحران کا شکار ہے اور انتخابات میں ہر سیاسی جماعت لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا دعوٰی کرکے عوام کو اس طرح سے بیوقوف بنارہی ہے کہ توانائی بحران کے حل کا طریقہ کار عوام کو نہیں بتایا جارہا کہ آخر کس جادو کی چھڑی سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہوگا؟ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سے لوڈشیڈنگ، مہنگائی، بے روزگاری اور لاقانونیت کا ا س وقت تک خاتمہ نہیں ہوسکتا جب تک واٹر ویژن 2016ء میں موجود کالا باغ ڈیم سمیت 5 بڑے آبی ذخائر تعمیر نہیں کرلئے جاتے اور واٹر ویژن 2016ء پر عملدرآمد کئے بغیر ملک میں زرعی و صنعتی انقلاب کی بات کرنا صرف اور صرف جہالت ہے اور عوام کو بیوقوف بننے کے بجائے سیاستدانوں سے پوچھنا چاہئے کہ آخر آپ پاکستان کے بنیادی مسائل کا حل کن منصوبوں کے ذریعے کرنا چاہتے ہیں؟
خبر کا کوڈ : 258617
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش