0
Saturday 15 May 2010 08:59

فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے دستخطی مہم شروع کریں گے،متحدہ علماء محاذ

فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے دستخطی مہم شروع کریں گے،متحدہ علماء محاذ
کراچی:اسلام ٹائمز-جنگ نیوز کے مطابق متحدہ علماء محاذ پاکستان نے ”14 مئی یوم مذمّت اسرائیل“ کے موقع پر فلسطینی عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مسجد اقصیٰ بیت المقدس بچاؤ تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔یہ اعلان علماء محاذ کے سرپرست مولانا تنویر الحق تھانوی نے جمعہ کو کراچی پریس کلب میں تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔دیگر علمائے کرام میں پروفیسر حافظ محمد سلفی،مفتی محمد اسلم نعیمی،علامہ علی کرار نقوی،ڈاکٹر عامر عبدالله محمدی،مولانا قاری الله داد اور مولانا محمد امین انصاری شامل تھے۔ 
مولانا تنویر الحق تھانوی نے کہا یہ غیر سیاسی تحریک تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام کی قیادت و مشاورت میں عالمی رائے عامہ کو ہموار کرنے کا کام سرانجام دے گی اور اس سلسلے میں اسلامی ممالک اور غیر مسلم ممالک کے سربراہان سمیت اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں سے جلد رابطوں کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔ فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے جلد دستخطی مہم کا بھی آغاز کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ 
متحدہ علماء محاذ اس حوالے سے عملی مثال کے طور پر قوم کے سامنے ہے،جس میں دیوبندی،بریلوی،اہلحدیث اور شیعہ مکاتب فکر کے نمائندہ علمائے کرام شامل ہیں۔انہوں نے کہا ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ خطیب پاکستان مولانا احتشام الحق تھانوی کی قیادت میں تمام مکاتب فکر کے 53 سرکردہ علمائے کرام کے مرتب کردہ 22 نکات کو قومی اسمبلی میں جلداز جلد پیش کیا جائے اور اسے آئین ِپاکستان کا حصہ بنایا جائے۔
ادھر مرکزی جماعت اہلسنت کے ناظم اعلیٰ علامہ قاضی احمد نورانی،انجمن طلبائے اسلام پاکستان کے صوبائی صدر عبید نورانی، نسیم سحر اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی رہنما صابر کربلائی نے انجمن طلبائے اسلام پاکستان کراچی اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام میمن مسجد بولٹن مارکیٹ کے باہر بعد نماز جمعہ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم حکمران مسجد اقصیٰ اور تحفظ بیت المقدس کیلئے اقدامات کریں،عالمی برادری فلسطین میں ہونے والے صہیونی مظالم کا نوٹس لے،بیت المقدس کی حفاظت کیلئے خون کے آخری قطرے تک امریکا اور اسرائیل کے خلاف برسر پیکار رہیں گے۔مسئلہ فلسطین کا حل آزاد اور خود مختاری فلسطینی ریاست کی صورت میں ہی ممکن ہے۔ان رہنماؤں نے کہا کہ فلسطینی عوام غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کے ناپاک وجود کے قیام کے دن یعنی ”یوم نکبہ“ کو ایک بہت بڑی تباہی قرار دیتے ہیں اور یہ تباہی فلسطینی مسلمانوں پر آج ہی کے دن یعنی 14 مئی 1948 کو مسلط کی گئی،ان کا کہنا تھا کہ ہم آج کے دن مطالبہ کرتے ہیں کہ نام نہاد آزاد مغربی نشریاتی ادارے اسرائیل کی مذمت کیلئے وہ اسلوب اختیار کریں جو کسی مسلم ریاست،حکومت،گروہ یا وفد سے منسوب واقعے کی یک طرفہ تشہیر کے موقع پر کیا جاتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ نفری میڈیا کے ارباب اختیار میں اگر انسانیت باقی ہے تو وہ فلسطینی مسلمانوں کے لہو سے ہولی کھیلنے والوں کے گھناؤنے کردار کو دنیا بھر کے عوام کے سامنے لائیں۔
مسلم حکمرانوں بالخصوص عرب حکمرانوں کو چاہئے کہ وہ اپنی عیاشیوں کو ترک کریں اور بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ کی حفاظت کیلئے اقدامات کریں عالمی برادری فلسطین میں جاری اسرائیلی بربریت کا نوٹس لے اور غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کو مسلمانوں کے قبلہ اول بیت المقدس کے خلاف کسی بھی جارحانہ فعل سے روکے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے غیور عوام کے دل فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور پاکستانی عوام دنیا بھر کی اسلامی تحریکوں کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ان رہنماؤں نے کہا کہ غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کی جانب سے غزہ اور مغربی کنارے میں جبراً تعمیر کی کی جانے والی یہودی بستیوں کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ فلسطینیوں کے حقوق کا تحفظ کیا جائے اور عقوبت خانوں میں قید کئی برس سے بے گناہ فلسطینی بچوں،خواتین،بوڑھوں اور جوانوں کو فی الفور رہا کروایا جائے۔انہوں نے اس بات کا عزم کیا کہ بیت المقدس کی حفاظت کیلئے خون کے آخری قطرے تک امریکا اور اسرائیل کے خلاف برسر پیکار رہیں گے۔
انہوں نے مصر کی حکومت کو ایک مرتبہ پھر متنبہ کیا کہ رفح سرحد پر فلسطینیوں کی نسل کشی کیلئے تعمیر کی جانے والی آہنی دیوار کو منہدم کیا جائے اور راستوں کو کھولا جائے،ورنہ امت مسلمہ مصر حکومت کے خلاف سراپا احتجاج بن جائے گی۔اس موقع پر انجمن طلبائے اسلام کے زاہد عمران،زبیر ہزاروی اور دیگر نے خطاب کیا۔









خبر کا کوڈ : 25869
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش