0
Sunday 28 Apr 2013 19:06
ملک کو مسائل سے نکالنے کیلئے ووٹ مانگتا ہوں

اقتدار میں آیا تو اسلام آباد میں نہیں بیٹھوں گا، عوام کے پاس جاکر مسائل حل کرونگا، نواز شریف

اقتدار میں آیا تو اسلام آباد میں نہیں بیٹھوں گا، عوام کے پاس جاکر مسائل حل کرونگا، نواز شریف
 اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ ہمارے دور میں ملک ترقی کر رہا تھا۔ ملک میں لوگوں کو روزگار مل رہا تھا۔ بجلی کی لوڈشیڈنگ کا کوئی نام و نشان نہیں تھا۔ گذشتہ 5 سالوں میں ملک کی عزت کی دھجیاں اڑا دی گئیں۔ مری، ایبٹ آباد اور حویلیاں  میں خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ آج غریب کے پاس روٹی کھانے کو پیسے نہیں ہے۔ ملک میں بے روزگاری کی شرح میں روز بروز بدترین اضافہ ہو رہا ہے۔ ملک کے ادارے تباہ ہوچکے ہیں۔ ہمارے دور میں ملک ترقی کر رہا تھا۔ ملک میں لوگوں کو روزگار مل رہا تھا۔ بجلی کی لوڈشیڈنگ کا کوئی نام و نشان نہیں تھا۔ گذشتہ 5 سالوں میں ملک کی عزت کی دھجیاں اڑا دی گئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کو کبھی اپنی مدت پوری نہیں کرنے دی گئی۔ ہمیں اگر حکومت کرنے دی گئی ہوتی تو آج پاکستان کی یہ حالت نہ ہوتی۔
 اس سے قبل مری میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ زرداری صاحب کہتے ہیں کہ نواز شریف مجھ پر تنقید کرتا ہے۔ میں ان سے پوچھتا ہوں کہ اپنی حکومت کا ایسا کوئی ایک کام بتا دیں جس کی میں تعریف کروں۔ جہالت، غربت، دہشت گردی، لوڈشیڈنگ، لاقانونیت کی تعریف نہیں کی جاسکتی۔ انھوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ کا اصل مجرم پرویز مشرف ہے۔ آج نوجوان ڈگریاں ہاتھوں میں لئے ملازمت کیلئے دھکے کھا رہے ہیں۔ اقتدار میں آکر انشااللہ نوجوانوں کو آسان شرائط پر قرضے دیں گے۔ پانچ سالوں کے دوران پنجاب کے علاوہ پورے ملک میں کرپشن ہوئی۔ انھوں نے مری میں یونیورسٹی اور ہسپتال بنانے کا بھی اعلان کیا۔ 

دیگر ذرائع کے مطابق مسلم لیگ نون کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ ڈکٹیٹر 9 سال قوم کو برباد کرگئے، صدر زرداری نے 5 سال برباد کر دیئے، 14 سال میں ملک میں کیا تبدیلی آئی، غریب کے پاس پیسے نہیں، پاکستان کے مسائل دفتروں میں بیٹھ کر حل نہیں ہوسکتے، اقتدار میں آیا تو اسلام آباد میں نہیں بیٹھوں گا، عوام کے پاس جاکر مسائل حل کروں گا۔ حویلیاں میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نوازشریف کا کہنا تھا کہ کبھی صدر کبھی فوجی ڈکٹیٹر ٹانگیں کھینچتا رہا، انھوں نے سب کچھ برباد کیا، سابق حکومت نے 5سالوں میں عوام کو کیا دیا، 5 سالوں میں کیا دیا جو دوبارہ ووٹ مانگتے ہو، پاکستان کی خود مختاری اور وسائل کا بیڑا غرق کر دیا، پی آئی اے سمیت دیگر سرکاری اداروں کو تباہ کیا گیا۔ 
نواز شریف کا کہنا تھا کہ پہلی باری 2 سال میں، دوسری ڈھائی سال میں ختم کر دی گئی، ایک مرتبہ بھی 5سال پورے کرنے نہیں دیا گیا، یہ کیا باریاں ہیں، اللہ تعالٰی نے انتخابات میں کامیاب کیا تو ریلوے حویلیاں تک بحال کرینگے، 5 سال ملے ہوتے تو موٹروے حویلیاں پہنچی ہوتی، پانچ سال پورے ہوتے تو موٹروے مانسہرہ اور خنجراب تک پہنچی ہوتی۔ نواز شریف نے کہا کہ ہم نے جو بھی بنایا، ڈکٹیٹروں نے آکر برباد کر دیا، ہمارے زمانے میں ہروقت بجلی آتی تھی، جاتی نہیں تھی، 12،12گھنٹے بجلی چلی جاتی ہے، یہ حال ہے ایٹمی ملک کا۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کیساتھ مل کر ملک کی تعمیر کریں گے، ملک میں بڑے بڑے سرکس لگانے والے ہیں، لوگوں کو بیوقوف بنانا چاہتے ہیں، ہم ملک میں صرف کرکٹ نہیں کھیلتے رہے، میں نے کرکٹ بھی کھیلی، لیکن ایٹمی دھماکہ بھی کیا، موٹروے بھی بنایا، میں نے کسی پر ذاتی تنقید نہیں کی، الیکشن کمیشن نے ذاتی تنقید پر نوٹس لیا ہے، اخلاق کا دامن نہیں چھوڑنا چاہیے، لیڈر کو بااخلاق ہونا چاہیے، آج عوام کو اپنا سمجھ کرووٹ مانگنے آیا ہوں، ملک مسائل سے دوچار ہے، ملک کو مسائل سے نکالنے کیلیے ووٹ مانگتا ہوں۔
خبر کا کوڈ : 258821
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش