0
Sunday 28 Apr 2013 20:11

ایم ڈبلیو ایم کا پشاور میں انتخابی اتحاد کا فیصلہ

ایم ڈبلیو ایم کا پشاور میں انتخابی اتحاد کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین ضلع پشاور نے آئندہ انتخابات میں معتدل اور دہشتگردی کے خلاف آواز بلند کرنے والی جماعت کیساتھ انتخابی اتحاد کا فیصلہ کیا ہے۔ جس کا باقاعدہ اعلان جلد کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں ضلعی کابینہ کا اجلاس مجلس وحدت مسلمین ضلع پشاور کے سیکرٹری جنرل محمد عباس کے زیر صدارت منعقد ہوا۔ جس میں ضلعی کابینہ کے تمام اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس میں پشاور میں انتخابی صورتحال پر غور کیا گیا اور ضلعی سیکرٹری جنرل نے مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کی جانب سے کئے جانے والے رابطوں کے حوالے سے کابینہ کو آگاہ کیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ مجلس وحدت مسلمین ملک بھر میں پرامن پاکستان، مضبوط پاکستان کے سلوگن پر الیکشن میں حصہ لے رہی ہے۔ پشاور میں مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں نے ہم سے رابطہ کیا ہے۔ تاہم ابھی تک ہم نے کسی جماعت کے ساتھ انتخابی اتحاد نہیں کیا۔ محمد عباس کا کہنا تھا کہ چونکہ پشاور میں مجلس وحدت مسلمین نے اپنا کوئی امیدوار الیکشن کیلئے کھڑا نہیں کیا، اس وجہ سے یہاں معتدل، محب وطن اور دہشتگردی کے خلاف واضح موقف رکھنے والی جماعت کو سپورٹ کیا جائے گا۔ جس کا باقاعدہ اعلان جلد کیا جائے گا۔ اس موقع پر کابینہ کے تمام اراکین نے متفقہ طور پر اس فیصلہ کی حمایت کی۔ قبل ازیں ضلعی سیکرٹری جنرل محمد عباس نے ضلعی دفتر کا افتتاح کیا۔
خبر کا کوڈ : 258843
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش