0
Monday 29 Apr 2013 19:48

سیاسی پارٹیوں کے 13500 امیدواروں کے مقابلے میں مذہبی جماعتوں کے 1800 امیدوار

سیاسی پارٹیوں کے 13500 امیدواروں کے مقابلے میں مذہبی جماعتوں کے 1800 امیدوار
اسلام ٹائمز۔ پاکستان کے آئندہ الیکشن میں روایتی سیاسی پارٹیوں کے نامزد امیدواورں کو جہاں ایک دوسرے سے مقابلے کا سامنا ہے وہاں سیاسی پارٹیوں کے ساڑھے 13ہزار امیدواروں کے مقابلے میں مذہبی جماعتوں کے 1800 امیدوار بھی میدان میں ہیں۔ جن کی پاکستان کے مختلف قومی اور صوبائی اسملبی حلقوں میں سیاسی پارٹیوں کے امیدواروں سے ون ٹو ون مقابلہ کی توقع کی جا رہی ہے۔ تمام تر منصوبہ بندی اور دعوئوں کے باوجود دینی قوتیں سیاسی پارٹیوں کے مقابلے میں 84.6 فیصد کم تعداد کے ساتھ الیکشن میں حصہ لے رہی ہیں۔ الیکشن میں امیدواروں کے فقدان کی وجہ مذہبی جماعتوں کے آپس کے اختلافات اور سیاسی پارٹیوں کے ساتھ اتحاد بنانے کے خواب تھے جن میں مذہبی جماعتوں کو کوئی خاطر خواہ کامیابی نہیں مل سکی۔

اعدادوشمار کے مطابق مذہبی جماعتوں کے قومی اسمبلی کے 650 سے زائد اور صوبائی اسمبلی کے 1100 کے قریب امیدوار عام انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ جمعیت علماء اسلام (ف) کے قومی اسمبلی کے لیے امیدواروں کی تعداد کچھ  اس طرح ہے، پنجاب سے 90، سندھ سے 21، بلوچستان سے 25 اور خیبرپختونخوا کی تمام سیٹوں پر امیدوار ہیں۔ اس کے علاوہ صوبائی اسمبلی کے 130حلقوں سے امیدوار میدان میں ہیں۔ متحدہ دینی محاذ کے قومی اسمبلی کے لیے پنجاب سے 53، خیبر پختونخوا سے 22، سندھ سے 25، بلوچستان سے 2 اور صوبائی اسمبلی کے لیے خیبر پختونخواہ سے 39، بلوچستان سے 15، سندھ سے 53 اور پنجاب سے 71 سیٹوں پر امیدوار الیکشن لڑیں گے۔

سنی اتحاد کونسل قومی اسمبلی کی 22 اور صوبائی اسمبلی کے ضمن میں پنجاب سے 40، سندھ سے 11، خیبرپختونخوا سے ایک اور بلوچستان سے 6 حلقوں میں انتخابات لڑ رہی ہے۔ اسی طرح جماعت اسلامی قومی اسمبلی کے 156 اور صوبائی اسمبلی کے 345 حلقوں سے الیکشن لڑ رہی ہے۔ سنی اتحاد کونسل (مشہدی گروپ) صرف صوبائی اسمبلی کی تین سیٹوں پر الیکشن لڑ رہی ہے۔ مرکزی جمعیت اہل حدیث قومی اور صوبائی اسمبلی کی ایک ایک سیٹ پر الیکشن لڑ رہی ہے۔

سنی تحریک قومی اور صوبائی اسمبلی کی 183 سیٹوں پر الیکشن لڑ رہی ہے جس میں قومی اسمبلی کی 48 اور صوبائی اسمبلی کے حوالے سے پنجاب سے 62، سندھ سے 57، خیبر پختونخواہ سے 6 اور بلوچستان سے 7 امیدوار انتخابی اکھاڑے میں ہیں۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے قومی اسمبلی سے 37 اور صوبائی اسمبلیوں سے 70 امیدوار الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ جمعیت علماء اسلام پاکستان (نورانی) کے قومی اور صوبائی اسمبلی کے 210 امیدوار الیکشن لڑ رہے ہیں۔ قومی اسمبلی کے حلقوں کے لیے پنجاب سے 33، سندھ سے 20، خیبر پختونخواہ سے 9 اور بلوچستان سے 4 اور صوبائی اسمبلی کے ضمن میں پنجاب سے 79، سندھ سے 33، خیبر پختونخوا سے 21 اور بلوچستان سے 10 امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔

خبر کا کوڈ : 258966
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش