QR CodeQR Code

حالیہ دہشت گردی میں امریکہ اور بھارت ملوث ہیں، سنی اتحاد کونسل

29 Apr 2013 18:33

اسلام ٹائمز:مرکزی سیکرٹری اطلاعات محمد نواز کھرل کا کہنا تھا کہ الیکشن کے روز تمام شہروں کو فوج کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا جائے، سیاست کو تجارت بنانے والے قومی مجرم ہیں، جعلی شیر جنرل مشرف کے دور میں ملک سے بھاگ گئے تھے۔


اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے سیکرٹری اطلاعات محمد نواز کھرل نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے پیچھے امریکہ، بھارت اور اس کے ایجنٹوں کا ہاتھ ہے، امریکہ، بھارت اور اسرائیل پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں،امن دشمنوں کے مقابلے کے لیے امن دوست متحد ہو جائیں، تمام جماعتوں کو انتخابی مہم کا پرامن ماحول فراہم نہ ہوا تو الیکشن متنازع ہو جائیں گے، تین صوبوں میں انتخابی مہم کے لیے سازگار ماحول کا نہ ہونا لمحۂ فکریہ ہے۔

دہشت گردی کی تازہ لہر سے پیدا ہونے والی صورتحال پر لاہور کے لیے بلائے گئے سنی اتحاد کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ الیکشن کے روز تمام شہروں کو فوج کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا جائے، سیاست کو تجارت بنانے والے قومی مجرم ہیں، جعلی شیر جنرل مشرف کے دور میں ملک سے بھاگ گئے تھے۔ محمد نوازکھرل نے مزید کہا کہ دو بار پورے ملک اور پانچ بار پنجاب پر حکمرانی کرنے والوں نے ملک و قوم کو کچھ نہیں دیا۔

انہوں نے کہاکہ عوام ووٹ کی طاقت سے بدزبانی اور بدعنوانی کی سیاست دفن کر دیں، 11مئی کو عیاری اور مکاری کی سیاست پر ضرب کاری لگے گی، سیاسی فرعونوں کے خواب بکھرنے والے ہیں، غریب عوام کا خون چوسنے والے عوام کے جعلی ہمدرد بنے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ انتخابات سے وابستہ عوامی توقعات پوری نہ ہوئیں تو لاکھوں لوگ سڑکوں پر آ جائیں گے،سنی اتحاد کونسل کی منزل انقلابِ نظامِ مصطفی ہے، سنی اتحاد کونسل کے 150امیدوار سیاسی فرعونوں کے خلاف الیکشن لڑ رہے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 259127

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/259127/حالیہ-دہشت-گردی-میں-امریکہ-اور-بھارت-ملوث-ہیں-سنی-اتحاد-کونسل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org