اسلام ٹائمز۔ چارسدہ میں عوامی نیشنل پارٹی کی عوامی رابطہ مہم کے دوران دھماکے سے ایک شخص جاں بحق جبکہ 11 زخمی ہوگئے ہیں۔ پولیس کے مطابق چارسدہ کے سر ڈھیری بازار میں اس وقت دھماکہ ہوا جب اے این پی کے امیدوار محمد احمد خان عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں دُکانداروں سے ملاقاتیں کر رہے تھے۔ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ جہاں ایک شخص زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا۔ پولیس کے مطابق بم موٹر سائیکل میں نصب تھا۔ دھماکہ میں محمد احمد خان محفوظ رہے۔ واضح رہے کہ اے این پی کے امیدوار محمد احمد خان پی کے 17 سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔