0
Tuesday 30 Apr 2013 17:44

سابق وزیر داخلہ رحمن ملک جھوٹوں کے آئی جی ہیں، شہباز شریف

سابق وزیر داخلہ رحمن ملک جھوٹوں کے آئی جی ہیں، شہباز شریف
اسلام ٹائمز۔ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان دوسروں کے بجائے اپنی باریوں کی بات کریں، انہوں نے ہمارے چیلنج کا تو جواب نہیں دیا اب مناظرے کی بات کس منہ سے کرتے ہیں۔ لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران شہبازشریف نے کہا کہ عمران خان نے نواز شریف کے خلاف اخلاقیات کی تمام حدیں پھلانگ دیں لیکن وہ عمران خان کے خلاف اخلاق سے گری ہوئی بات نہیں کریں گے، وہ عمران خان کو بلے باز کہتے ہیں کیونکہ وہ بلے باز ہیں۔ عمران خان نے ہمیں تمام مسائل کا ذمہ دار قرار دے کر پیپلز پارٹی کو اس کی تمام کرپشن پر کلین چٹ دے دی۔

شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان رینٹل پاور کی اربوں روپے کی کرپشن پر پیپلز پارٹی کو کلیئر قرار دے رہے ہیں، نندی پور اور چیچو کی ملیاں میں 950 میگا واٹ کے منصوبے بند پڑے ہیں، اس کی بھی ذمہ داری ہم پر ڈالی جا رہی ہے، پنجاب کی یومیہ 700 میگا واٹ بجلی کراچی کو دی جا رہی ہے۔ ان تمام باتوں کے باوجود وہ صدر زرداری کو بری الذمہ اور ہمیں حالیہ توانائی بحران کا ذمہ دار قرار دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو میٹرو بس منصوبے پر اعتراض ہے جس کے ذریعے روزانہ سوا لاکھ افراد اپنے روزگار پر جاتے ہیں، عمراں خان ہم پر باریوں کا الزام لگاتے ہیں اپنی باریوں کی بات نہیں کرتے انہوں نے آٹھ بار انتخابات میں حصہ لیا اور ناکام ہوئے، پرویز مشرف کے ساتھ انہوں نے باری کھیلی اور پھر قوم سے معافی بھی مانگ لی۔

شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان مناظرے کا چیلنج کرتے ہیں خود تو وہ ہمیشہ بھاگ جاتے ہیں، انہوں نے پہلے کہا کہ میٹرو بس پر 70 ارب روپے لگے ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے جب ثبوت مانگے تو انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا، عمران خان نے کہا تھا نواز شریف کے حلقے سے الیکشن لڑیں گے مگر بھاگ گئے۔ عمران خان کی ان ہی باتوں کی وجہ سے وہ کہتے ہیں کہ تیر، بلا اور سائیکل مل گئے ہیں اور زرداری صاحب نے سارے انتخابی نشان مشترکہ طور پر آپس میں ہی بانٹ دیئے ہیں لیکن 11 مئی کو تیر، بلا اور سائیکل تتربتر ہو جائیں گے، شہباز شریف نے رحمان ملک کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا، انہوں نے کہا کہ سابق وزیر داخلہ جھوٹوں کے آئی جی ہیں، رحمان ملک نے دہری شہریت سے متعلق سپریم کورٹ میں جھوٹ بولا۔
خبر کا کوڈ : 259452
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش